محکمہ ان لینڈ ریونیو بھی سراپااحتجاج، حکومت کو 27 جولائی کی ڈیڈ لائن

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)محکمہ ان لینڈ ریونیو ویلفیئر ایسوسی ایشن آزاد کشمیر نے اپنے جائز مطالبات کے حق میں علامتی ہڑتال کا آغاز کرتے ہوئے حکومت کو 27 جولائی تک کی مہلت دے دی ۔

ایسوسی ایشن کےمرکزی صدر چوہدری محمد آصف، راجہ محمد امتیاز (نائب صدر)، مومی نورالعین راجہ (مرکزی سیکرٹری جنرل)، عبدالحفیظ، چوہدری محمد ظہیر حمید (ضلعی صدر)، زاہد محمود (ضلعی نائب صدر)، سیکرٹری نشر و اشاعت اور دیگر عہدیداران نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے محکمہ کے ملازمین سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں پرفارمنس الاؤنس 2022 کی بنیادی تنخواہ کے مطابق سپیشل الاؤنس دیگر محکموں کی طرز پر دیا جائے گا، مگر تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔

بیان میں کہا گیا کہ اگر 27 جولائی تک ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 30 جولائی کو تمام ملازمین سیاہ پٹیاں باندھ کر تین گھنٹے قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے۔ مطالبات کی عدم منظوری کی صورت میں 3 اگست سے محکمہ کے تمام دفاتر غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیے جائیں گے اور احتجاجی تحریک مزید شدت اختیار کرے گی۔

عہدیداران کے مطابق 11 اگست سے احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ریاست بھر کے تمام ٹول پلازوں پر حکومتی ریونیو وصولی کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا اور اس کی مکمل ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

ایسوسی ایشن نے وزیراعظم آزاد کشمیر، چیف سیکریٹری اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے اور وعدے کے مطابق عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے تاکہ معاملات کو مزید پیچیدہ ہونے سے بچایا جا سکے۔

اپوزیشن سیاسی پوائنٹ سکورنگ ، حکم امتناعی کے بجائے تعمیر و ترقی کیلئے مسلم کانفرنس کا ساتھ دے، سردار عرفان خان

Scroll to Top