آزادکشمیر ملازمین تنظیموں کا اگیگا الائنس تشکیل، کام چھوڑ احتجاج کا اعلان

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزادکشمیر کی ملازمین تنظیموں نے ایک مشترکہ پلیٹ فارم تشکیل دے دیا۔ اگیگا کے نام سے تشکیل دیا جانیوالا الائنس ایک غیر سیاسی ، فلاحی اور نمائندہ پلیٹ فارم ہو گا۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس آزادکشمیر کے جملہ ملازمین کی تنظیم اگیگا کا پہلا اجلاس گزشتہ روز چیف آفس برقیات میں منعقد ہوا۔ جسکی میزبانی سابق چیئرمین ایپکا محمد سفیر قریشی نے کی۔

اجلاس میں 16 کے قریب ملازمین تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت سالک رشید عباسی صدر تنظیم غیرجریدہ آزادکشمیر نے کی۔ اجلاس میں ریاست بھر کے جملہ فلاح و بہبود، جائز مطالبات کی منظوری، ادارہ جاتی اصلاحات اور منصفانہ سروس سٹرکچر کیلئے جدوجہد کرنے کی مشترکہ قرارداد پیش کی۔ جسے کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔

اگیگا آزادکشمیر نے ریاستی ملازمین کی آواز کو بااختیار بنانے، انکے مسائل کو اعلی سطح پر اجاگر کرنے اور پالیسی سازی کے عمل میں موثر شمولیت کے لیۓ ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آزادکشمیر کے سرکاری ملازمین کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کہ انکی اجتماعی قوت کو موثر انداز میں منظم کرنے اور سروس سٹرکچر ، تنخواہوں ، پینشن ، مراعات اور دیگر فلاحی امور پر پالیسی ترتیب دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

اگیگا آزادکشمیر کے دیگر مقاصد میں ملازمین کے ساتھ ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنا اور انکے حقوق کے تحفظ کیلئے ڈھال بننا بھی شامل ہے۔ اگیگا آزادکشمیر نے حکومت سے 30 فیصد ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس کی بحالی کا فوری مطالبہ کیا بصورت دیگر سرکاری ملازمین کی تمام تنظیمیں قلم چھوڑ اور کام چھوڑ احتجاج کریں گے۔

اسکی تمام تر زمہ داری حکومت وقت پر ہو گی۔ اگیگا آزادکشمیر کے اجلاس کے اختتام پر حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں سید وقاص علی گیلانی، شیخ طاہر وسیم، غلام محمد خان، سلیم اعوان ، غلام سرور لون، سعید اعوان اور دیگر نے شرکت کی۔

سرکاری ملازمین کیلئے 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس منظور،نوٹیفکیشن جاری

Scroll to Top