آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں 25 جولائی تک بارشوں کانیا سپیل ،سیلابی صورتحال ، الرٹ جاری

اسلا م آباد(کشمیر ڈیجیٹل)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 19 تا 25 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ 25 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے۔

آزادکشمیر، گلگت بلتستان ، نوشہرہ، مالاکنڈ، سوات، دیر اور بالائی پہاڑی علاقوں میں نہ صرف سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے بلکہ لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں بشمول راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، خانیوال، ساہیوال، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، تونسہ، راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہری علاقوں میں نشیبی علاقوں کے زیر آب آنے اور شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ سندھ کے اضلاع جن میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ، بدین، لاڑکانہ، جامشورو، نوابشاہ اور میرپورخاص شامل ہیں

وہاں بھی بارشیں متوقع ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے شہری علاقوں میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال، سڑکوں، گلیوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا خدشہ موجود ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ این ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں۔

ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ قیمتی اشیاء اور مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست کریں۔ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق عوام سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ ٹی وی، ریڈیو اور موبائل کے ذریعے سرکاری اعلانات اور الرٹس سے آگاہ رہیں۔ این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

این ڈی ایم اے نے بتایا کہ مزید رہنمائی اور موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘ سے استفادہ کریں۔

وادی لیپا ، الحاق پاکستان ریلی،فیلڈ مارشل نے بھارتی مکاری کا بھرپور جواب دیا،شوکت جاوید میر

Scroll to Top