نیلم میں مون سون الرٹ، شاردا 1122 یونٹ کی فعالیت کا اعلان

سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے دوران فوری اور مؤثر اقدامات کرتے ہوئے ممکنہ نقصانات کو کم کر دیا۔ ادارے کا کہنا ہے کہ بروقت الرٹس اور حفاظتی تدابیر کے ذریعے عوام کو پہلے ہی آگاہ کر کے حالات پر قابو پایا گیا۔

گزشتہ روز ہونے والے ایک اہم اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن ایس ڈی ایم اے راجہ نعمان شفیق، ڈائریکٹر 1122 معظم ظفر، ڈپٹی سیکرٹری ڈیزاسٹر مینجمنٹ و سول ڈیفنس راجہ محمد عظیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اقبال اور سٹور سپروائزر سید عرفات علی نقوی نے مون سون انتظامات کا جائزہ لیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع نیلم میں شدید بارشوں کے دوران ریسکیو ٹیموں نے محنت اور لگن سے کام کیا۔ لوئر اور اپر نیلم میں 1122 کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں۔

حکام نے بتایا کہ سیاحتی مقام شاردا میں 1122 یونٹ کو مزید فعال بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، جب کہ جلد اس یونٹ کی مکمل مکانیت کا مسئلہ بھی حل کر دیا جائے گا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ شاردا سمیت بھمبر سے نیلم تک 1122 کے ذریعے موسمی صورتحال اور اقدامات سے عوام کو بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں بارش کا امکان، پی ڈی ایم اے کا الرٹ

اعلامیے کے مطابق سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 دونوں شعبہ جات ترجیحی بنیادوں پر مون سون سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

Scroll to Top