خواتین کو جائیداد میں حصہ،برابر حقوق دے کر پائوں پر کھڑا کرنا ہوگا، تقدیس گیلانی

مظفرآباد:وزیر سمال انڈسٹریز، ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ ہمیں بیٹیوں کوجائیداد میں ان کا حصہ دینا ہو گا۔اگر کوئی بیٹی حصہ مانگتی ہے تو اسے کیلئے اپنے گھر میں بھی مشکلات آ جاتی ہیں۔

انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ مظفرآباد کی حلف برداری اور ”انسانی حقوق اور ہماری ذمہ داریاں“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ ہیومن رائٹس ہمیں برداشت سیکھاتا ہے،دوسروں کے خیالات کو سنیں اگر آپ دوسرے کے خیالات سے متفق نہیں تو انہیں دلائل سے قائل کریں۔

جب بھی ہم ہیومن رائٹس کی بات کرتے ہیں تو ہمیں اسلام نے جوحقوق دئیے ہیں صرف ان حقوق کی بات کریں۔آپ ﷺ نے ہمیں چارٹر دیا تھا جس کو مثال بنا کر دنیا نے اپنے قوانین بنائے ہم ان سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کا ہر مذہب برابری کی سطح پر بنیادی انسانی حقوق کے احترام اور تحفظ کا درس دیتا ہے۔یہ ہماری اجتماعی، انفرادی اور معاشرتی ذمہ داری ہے کہ ایسا معاشرہ تشکیل دیں جس میں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہوں ،ہمیں مثبت رویوں کیلئے قومی سوچ کا فروغ نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوان کی بہادری بے مثال ہے جس نے خاتون کو خودکشی سے بچایا لیکن ان وجوہات کو بھی دیکھنا پڑے گا جس وجہ سے خواتین خودکشی کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت آزادکشمیر مسئلہ کشمیر کے حوالے سےاپنی ذمہ داری پوری کرے گی،تقدیس گیلانی

ہمیں اس طر ف بھی دیکھنا ہو گا کہ اسلامی معاشرے کے اندر ہم بیٹیوں کو جائیداد کے اندر حصہ نہیں دے رہے ہیں، ان کی معاشی پشت پناہی نہیں کرتے،ان کو مجبور کرتے ہیں کہ وہ ایسے شخص کے ساتھ رہیں جو نہ بچوں کا خیال رکھتا ہونہ ان کی ذاتی ضروریات کا خیال رکھتا ہو،کوئی بھی حقوق پورا نہ کرتا ہو تو ایسے حادثات ہوتے رہیں گے۔

ہمیں بیٹیوں کوجائیداد میں ان کا حصہ دینا ہو گا۔اگر کوئی بیٹی حصہ مانگتی ہے تو اسے کے لیے اپنے گھر میں بھی مشکلات آ جاتی ہیں۔ کچھ ذمہ داریاں حکومت اداکرتی ہے کچھ ہماری ذمہ داریاں ہیں کہ کیسے ہم اپنی بیٹیوں کو تحفظ دے سکیں۔ ہمیں اسے اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا خیال رکھنا پڑے گا۔جو حقوق اسلام نے خواتین کو دئیے ہیں وہی حقوق مکمل طور پر خواتین کو دے دئیے جائیں۔خواتین کو خود کفیل ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: زمینداروں کو ایگری لون سکیم کے تحت بلاسود قرضے دیں گے ، تقدیس گیلانی

انہوں نے انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ مظفرآبادکے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا۔وزیر حکومت نے پولیس کے جوان کو ایوارڈ دیاجس نے نیلم پل سے خودکشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو خودکشی سے بچایا۔

Scroll to Top