مظفرآباد: حکومتِ آزاد جموں و کشمیر نے یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر 5 فروری 2025 بروز بدھ عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دن تمام سرکاری و نیم سرکاری ادارے، عدالتیں اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ کشمیر کی آزادی کے حق میں خصوصی تقاریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
حکومتِ آزاد کشمیر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیل کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہارِ یکجہتی کرنا اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں یکجہتی مارچ، سیمینارز اور دعائیہ تقریبات منعقد کی جائیں گی، جن میں حکومتی و سماجی شخصیات کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں: مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ
یاد رہے کہ یومِ یکجہتیٔ کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہےجس کا آغاز 1990 میں ہوا تھا۔ اس دن پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری اور انسانی حقوق کے کارکن مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں اور عالمی برادری کی توجہ مسئلۂ کشمیر کی جانب مبذول کراتے ہیں۔
حکومتِ آزاد کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس دن کو جوش و خروش سے منائیں اور کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں۔