آزاد کشمیر میں بارشوں کے بعد ممکنہ سیلاب کا خطرہ ، ایس ڈی ایم اے کا ہائی الرٹ جاری

آزاد جموں و کشمیر کے نشیبی علاقوں میں مسلسل بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال سنگین رخ اختیار کرنے لگی ہے۔ پہاڑی ندی نالوں، دریاؤں اور مختلف آبی گزرگاہوں میں پانی کی سطح خطرناک حدوں کو چھونے لگی ہے، جس پر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) اور فلاڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ایس ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ تازہ ترین ویدر اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ فی الحال کسی علاقے سے کسی قسم کی ہلاکت یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم صورتحال تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ:

پہاڑی سلسلوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، خاص طور پر دریائے نیلم اور جہلم میں پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے خبردار کیا ہے کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو آئندہ چند گھنٹوں میں ندی نالوں کا بہاؤ معمول سے کئی گنا بڑھ سکتا ہے۔

منگلا اور دیگر مقامات پر شدید سیلاب کا اندیشہ:

دریائے جہلم کے کیچمنٹ ایریاز میں بہاؤ 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 4 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جو شدید درجے کے سیلاب کی علامت ہے۔ دریا نیلم پر تاوبٹ کے مقام پر 954 کیوسک اور پونچھ دریا پر کوٹلی کے مقام پر 4924 کیوسک بہاؤ ریکارڈ ہوا ہے، جس پر متعلقہ علاقوں میں رہائش پذیر آبادی کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ، ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد شروع:

تمام ضلعی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، فائر بریگیڈ اور پولیس کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی جا چکی ہے۔

شہریوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات:ایس ڈی ایم اے نے عوام کو درج ذیل اقدامات پر عمل کی تاکید کی ہے:

  • خطرے کی زد میں آنے والے علاقوں کی بروقت نشاندہی
  • فلڈ لیول کی مسلسل نگرانی
  • خوراک، پانی، ادویات اور دیگر بنیادی اشیاء کی پیشگی فراہمی
  • ٹریفک کی آمد و رفت محدود رکھنا
  • دریاؤں، ندی نالوں کے کنارے غیر ضروری نقل و حرکت سے اجتناب
  • سیاحوں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہی

شہریوں سے تعاون کی اپیل:

ایس ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہوں سے بچیں، صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں، اور کسی بھی ہنگامی حالت میں فوری طور پر مقامی انتظامیہ یا ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔ عوامی تعاون ہی کسی بھی بڑے نقصان سے بچاؤ کی واحد ضمانت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیر آب، انتظامیہ الرٹ

Scroll to Top