جامعہ کشمیر میں یوم یکجہتی کشمیرپر رنگا رنگ تقریبات کی تیاریاں شروع

آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں یوم یکجہتی کشمیر کو بھرپورانداز میں منانے کیلئے رنگارنگ پروگرامزکی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلٰی سطحی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کو شایان شان انداز میں منایا جائیگا۔

جامعہ کے مختلف شعبہ جات کے زیر اہتمام پروگرام تشکیل دئیے جائیں گے جن میں یکجتی ریلی، سیمینار بعنوان’’ کشمیر کی آزادی، ہمارا عزم اور کردار‘‘کا انعقاد کیا جائیگا جس سے نامورمقررین خطاب کریں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد گزشتہ 7دہائیوں سے بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے مجبور عوام کے ساتھ جہاں بھرپور اظہار یکجہتی کرنا ہے وہاں کشمیری عوام پر بھارتی فوج کے ظلم و ستم، جبر و استبدار، انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کی جانب توجہ مبذول کروانا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کے ان پروگرامز میں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ،اظہاررائے پر قدغنوں سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کی جانب مبذول کروانے کی سعی کی جائے گی۔

Scroll to Top