برطانیہ نے پاکستانی شہریوں کیلئے ای ویزا نظام متعارف کر دیا

(کشمیر ڈیجیٹل) برطانیہ نے پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا عمل کو مزید آسان اور جدید بنانے کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے ای ویزا سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔ اب برطانیہ کے لیے سٹڈی اور ورک ویزا حاصل کرنے والوں کو فزیکل ویزا اسٹکر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ کے مطابق نیا نظام نہ صرف امیگریشن کے عمل کو ڈیجیٹل، محفوظ اور تیز تر بنائے گا بلکہ وقت کی بچت اور سادہ طریقہ کار بھی فراہم کرے گا۔

ای ویزا سسٹم کے تحت برطانوی ویزا اب آن لائن UKVI اکاؤنٹ کے ذریعے حاصل کیا جا سکے گا۔ درخواست گزار اپنے ضروری ڈاکیومنٹس اس اکاؤنٹ سے منسلک کر سکیں گے جبکہ ویزا سٹیٹس ثابت کرنے کے لیے “ویو اینڈ پروو (View and Prove)” سروس بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔

ہائی کمشنر کے مطابق ای ویزا سکیم کا اطلاق سٹوڈنٹس، گلوبل ٹیلنٹ، اسپورٹس پرسنز، سکلڈ ورکرز، یوتھ موبیلٹی، ٹیمپریری ورک اور بزنس موبیلٹی ویزا رکھنے والے افراد پر ہو گا۔

جین میریٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ عام وزیٹر ویزا اور ڈپینڈنٹ ویزوں کے لیے اب بھی فزیکل ویزا اسٹکر لازمی ہو گا، جبکہ پہلے سے جاری شدہ اسٹکر ویزا ہولڈرز کو کسی اضافی کارروائی کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: 750 روپے پرائز بانڈ کی قرعہ اندازی، انعامی نمبرز اور جیتنے والوں کی فہرست جاری

برطانوی حکومت کا یہ قدم نہ صرف ویزا عمل کو مؤثر بنانے میں مدد دے گا بلکہ پاکستانی طلبہ، کھلاڑیوں، کاروباری اور پیشہ ور افراد کے لیے سفری سہولت میں نمایاں بہتری لائے گا۔

Scroll to Top