آزاد کشمیر کے وزیرِ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ حویلی کو ماڈل ضلع بنانے کیلئے دن رات کام کررہا ہوں۔
پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاؤس میں عوامی اجتماع اور متاثرین میں چیک تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت نے ضلع حویلی کے عوام کو صحت کے سب سے بڑے پیکج سے مستفید کیا اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔
حلقہ سے برادری ازم کا خاتمہ کر کے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے بلاتفرق مکمل کئے ہیں،آئندہ عام انتخابات میں ہم برادری ازم نہیں کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے سامنے پیش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ حویلی کہوٹہ میں صحت کا سب سے بڑا پیکج متعارف کروایا ہے، آئندہ تعلیمی پیکج بھی لے کر آئیں گے۔ آج کے جدید دور میں محض زبانی دعوئوں سے عوام کو خوش نہیں کیا جا سکتا۔آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی ریاست کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔
فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ دور افتادہ علاقوں میں صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کی سہولیات کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ مقامی افراد کو علاج و معالجہ اور تعلیم کے لئے طویل سفر نہ کرنا پڑے،بعدازن وزیر حکومت نے عوامی وفود سے ملاقات کی اور ان کے مسائل بھی سنے۔