پی ٹی آئی میرپور: فوزیہ سلیم بٹ کا خواتین ونگ کو فعال بنانے پر زور

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل ) پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ ضلع میرپور کی جنرل سیکرٹری فوزیہ سلیم بٹ نے کہا ہے کہ پارٹی کے موجودہ حالات کے پیش نظر خواتین ونگ کو منظم اور فعال بنانا انتہائی ضروری ہو چکا ہے۔

فوزیہ سلیم بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے اصول پسندی، انصاف، میرٹ اور جدوجہد کی علامت رہی ہے مگر بدقسمتی سے گزشتہ چند برسوں میں پارٹی کی مرکزی قیادت کی غیر فعالیت اور بےحسی نے کارکنان کو مایوس کیا ہے۔

فوزیہ سلیم بٹ نے کہا کہ آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں خواتین کارکنان نے ہر سطح پر عمران خان کے نظریے کی ترویج میں بھرپور کردار ادا کیا مگر تنظیمی سطح پر انہیں مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں خواتین کی تنظیم سازی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی یا پھر کچھ بدنیت عناصر جان بوجھ کر اس عمل میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ جبکہ ریاست میں عام انتخابات میں بہت کم وقت رہ گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر پارٹی کی باگ ڈور وقتی طور پر علیمہ خان کے سپرد کر دی جائے تو کارکنوں کا اعتماد بحال ہو سکتا ہے اور احتجاجی تحریکوں میں نئی روح پھونکی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عمران خان صاحب پارٹی کو ایسے ہاتھوں میں دیں جو حقیقی معنوں میں ان کے وژن کو سمجھتے اور اس کے لیے قربانی دینے کا جذبہ رکھتے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں چکن فروشوں کی ہڑتال، شہریوں کا انتظامیہ سے سخت مؤقف اپنانے کا مطالبہ

آخر میں فوزیہ سلیم بٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ عمران خان جلد باعزت رہا ہوں گے اور پارٹی کو ایک بار پھر نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔

Scroll to Top