اسلام آباد: آزادکشمیر کے اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اہم پیشرفت، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے اساتذہ کے سکیل کی اپ گریڈیشن کے مطالبے سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے معاملہ جلد یکسو کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے جبکہ اساتذہ کے ایک دھڑے نے آج ہر صورت احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اساتذہ کے نمائندہ وفد نے گزشتہ روز وزیر فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان کے ہمراہ کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق سے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے دیرینہ مطالبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،وزیراعظم نے اساتذہ کے سکیل کی اپ گریڈیشن کے مطالبے سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے معاملے کو جلد از جلد یکسو کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اپ گریڈیشن کا وعدہ پورا نہ ہوا : اساتذہ کا پیر کے روز بڑے احتجاج کا اعلان
ملاقات میں طے پایا کہ اساتذہ کا 4 رکنی نمائندہ وفد کل15 جولائی کو سول سیکرٹریٹ میں متعلقہ حکام سے ملاقات کرے گا تاکہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے اس دیرینہ مسئلے کو حتمی طور پر یکسو کیا جا سکے۔
اساتذہ تنظیموں نے وزیراعظم کے اس مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ حکومت تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔
یاد رہے کہ آج 14جولائی کو اساتذہ نے مظفر آباد میں احتجاج کا اعلان تھا اور پورے آزادکشمیر سے قافلوں کو مظفر آباد پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق اساتذہ کے ایک دھڑے نے وزیراعظم سے ملاقات کی جبکہ دوسرے دھڑے نے آج ہر صورت احتجاج کا اعلان کیا ہےاور کہا ہے کہ نوٹیفکیشن جاری ہونے تک احتجاج کرینگے۔
یوں وزیراعظم اساتذہ کو دو دھڑوں میں تقسیم کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ذرائع کے مطابق ایک گروپ جسے تاسف شاہین لیڈ کررہے ہیں وہ آج احتجاج کریگا۔