عبدالقیوم نیازی

عمران خان کی رہائی تک جدوجہد جاری رہے گی : سردار عبد القیوم نیازی

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) آزاد کشمیر کے صدر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کوٹلی پہنچنے پر پارٹی کارکنوں اور عوام نے پُرتپاک استقبال کیا گیا ۔ اُنہیں جلوس کی شکل میں پنڈال تک لایا گیا، جہاں کارکنوں نے پھولوں کے ہار پہنائے اور نعرے بازی کی ۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سردارعبد القیوم نیازی نے کہا کہ آج آزاد کشمیر کے غیرت مند عوام نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ کل بھی عمران خان کے ساتھ تھے اور آج بھی چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لے کر اسمبلی میں پہنچنے والے بعض افراد نے وفاداریاں تبدیل کر لیں لیکن عوام آج بھی دل و جان سے عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ ہے ۔

یہ بھی پڑھیں:آئندہ انتخابات میں بڑا سرپرائز دیں گے : سردارعبدالقیوم نیازی کا دعویٰ

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام عمران خان کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں اور ان کی رہائی تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔ عبد القیوم نیازی نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان لوٹوں کو مسترد کرے جو نظریے سے ہٹ چکے ہیں ۔

جلسے میں شریک عوام اور کارکنان نے بھی عمران خان سے وفاداری کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو بھرپور کامیابی دلائیں گے ۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی نے میرے ساتھ بے وفائی کی ،واپسی کی آفر ہوئی جو قبول نہیں کی،سردار تنویرالیاس

تقریب کا ماحول جوش و جذبے سے بھرپور تھا اور ہر طرف عمران خان کے حق میں نعرے گونجتے رہے ۔

یہ بھی پڑھیں:سلیکشن نہیں الیکشن ہوگا، ن لیگ کو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دینگے، سردار عبدالقیوم نیازی

Scroll to Top