تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سردار عبدالقیوم نیازی نے 8 فروری کو یوم سیاہ منانے کی ہدایت کردی۔
قائد پاکستان عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں 8 فروری کو الیکشن چوری کے خلاف یوم سیاہ کی بھرپور تیاریاں شروع کر دیں۔اس حوالے سے صدر تحریک انصاف سردار عبد القیوم نیازی کی زیر صدارت ضلع میرپور اور بھمبر کے تنظیمی عہدیداران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور انداز میں یوم سیاہ منانے کی ہدایت کی گئی ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک انصاف آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ چوری شدہ مینڈیٹ کی واپسی، عمران خان سمیت سیاسی اسیران کی رہائی تک پرامن جدوجہد جاری رہے گی،عمران خان ہماری نسلوں کیلئے جرات و بہادر کے ساتھ جیل کی سختیاں برداشت کر رہے ہیں، عمران خان کی جدوجہد ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کیلئے ہے ۔
عمران خان اور ان کے خاندان نے بے مثال قربانیاں دیں ۔ شاہ محمود قریشی ، ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوہدری سمیت ہزاروں پی ٹی آئی کارکن بے گناہ جیل کاٹ رہے ہیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیری عمران خان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں ، ان کی عقیدت کو سلام پیش کرتے ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ عمران خان کو واپس اقتدار میں لاکر اوورسیز کیلئے قانون سازی کریں گے جس میں انہیں ووٹ کا حق و دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گے۔
سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ میرپور پی ٹی آئی کا گڑھ تھا اور رہے گا ۔ کارکنان بھرپور یوم سیاہ منانے کی تیاری کریں اور عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں پرامن احتجاجی ریلیاں نکالیں اور مینڈیٹ چوری کے خلاف اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کروائیں۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ تنظیمی عہدیداران بھرپور اپنی شرکت یقینی بنائیں جو عمران خان کی ہدایت پر باہر نہیں نکلیں گے انہیں پارٹی عہدے رکھنے کا کوئی حق نہیں ۔ جلد ریاست گیر عوامی رابطہ مہم شروع کریں گے اور بھرپور پاور شو کریں گے۔