محسن نقوی کی اماراتی نائب وزیراعظم سے ملاقات، ورک ویزا آسان بنانے پر اتفاق

ابوظہبی:وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی ابوظہبی میں یو اے ای کے نائب وزیراعظم و وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زید النہیان سے ملاقات ہوئی ، یواے ای کے نائب وزیراعظم نے پاکستانیوں کے ورک ویزامیں آسانیاں  پیدا کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یو اے ای پہنچنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

محسن نقوی کی یو اے ای کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات ہوئی جس میں پاکستانی شہریوں کو درپیش ویزا کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سکیورٹی تعاون، انسداد منشیات، انسداد سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے اور ٹیکنالوجی کے تبادلے پر بھی بات ہوئی

دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی سفارتخانے نےشہریوں کو بیرون ملک جعلی ملازمتوں کی آفرز سے خبردار کر دیا

ملاقات میں سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی بالخصوص آرٹیفشل انٹیلیجنس سے استفادہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

بیان کے مطابق پاکستانی شہریوں کیلئے ویزا خصوصا ورک ویزا میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات پر اتفاق رائے کیا گیا، یو اے ای کے وزیر داخلہ نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی سمیت دوطرفہ تعاون کے ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد یواے ای کی معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کر رہی ہے، چاہتے کہ پاکستانی شہری آسانی سے یو اے ای آسکیں۔

Scroll to Top