دھیرکوٹ(کشمیر ڈیجیٹل )سابق وزیراعظم آزادکشمیر ومرکزی رہنما پاکستان مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی جانب سے دھاندلی کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے۔
پی ٹی آئی کے ٹکٹ پرا سمبلی میں پہنچنے والے اراکین پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے اور الزام مسلم لیگ ن کی مرکزی حکومت پر لگایا جارہا ہے جو انتہائی نامناسب اور غیر اخلاقی ہے ۔۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اس وقت آزادکشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے،2021ء کے انتخابات میں عمران خان نے ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالااس کے باوجود چند ایک کو چھوڑ کر جماعت نے اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
2016ء سے لیکر 2021ء تک جماعت کے عہدیداران،ضلعی عہدیداران،یوتھ ونگ ایم ایس ایف،حکومتی صوابدیدی عہدوں میں میرٹ پر شامل رہیں۔
کسی سے انتخابی اتحاد فی الحال زیر غور نہیں ابھی انتخابات کو کافی عرصہ باقی ہے ہر حلقے کے اندر ہمارے پاس مظبوط ٹیم موجود ہے ہم نے اتحاد اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہے کامیابی انشاءاللہ ہماری ہوگی۔۔
راجہ فاروق حیدر نے مسلم لیگ ن دھیر کوٹ کے دفتر میں کارکنان سے خصوصی نشست کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم لیگ ن نے عملی طور پر کارکردگی دکھا کر یہ ثابت کیا کہ ریاست کے اندر پائیدار ترقی، گڈگورننس کیسے قائم کی جاتی ہے۔
اس موقع پر مرکزی نائب صدر وسابق امیدوار اسمبلی راجہ افتخار ایوب،صدر مسلم لیگ ن دھیر کوٹ راجہ اشراف احمد سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھاکہ آج ریاست مالی طورپر خود مختار ہے،بااختیار ہے تو اس کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کو جاتا ہے وہ سارا ٹیم ورک تھا ہم نے ملکر ترجیحات طے کیں اور رب نے ہماری مدد کی نوازشریف سمیت تمام مرکزی قیادت نے ہمیں بااختیار رکھا اور ہم نے اپنے فیصلے خود کیے جس کے نتائج دنیا نے دیکھے ۔
آزادکشمیر کے اندر ہر شعبہ میں ن لیگ نے بہتری لائی،موجودہ ہائبرڈ نظام نے سیاسی نظام کو جہاں ناقابل نقصان پہنچایا وہیں ترقی اور خوشحالی کا جو سفر 2016 سے 2021ء تک جاری رہا کو بھی ڈی ٹریک کردیا جس کے باعث ابھی اسے واپس لانے میں وقت لگے گا۔
ریاست میں میرٹ پر روزگار دینے کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کے حصے میں آیا ہے،دھیر کوٹ میں لوگوں،عورتوں نے میرٹ کے لیے ننگے پاؤں مارچ کیا مگر پھر بھی انہیں انصاف نہیں ملا۔۔
راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ وہی لوگ جب مسلم لیگ ن حکومت آئی تو اعلیٰ عہدوں پر اپنی قابلیت کی وجہ سے لگے۔سابق وزیراعظم نے چمیاٹی،چمن کوٹ،ہل سرنگ کے مقام پر بھی کارکنان سے ملاقاتیں کیں،اس موقع پر باقی امور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدرآصف علی زرداری نے کٹھن حالات میں قومی وحدت کا علم بلند رکھا،سردار تنویر الیاس