سعودی عرب وپاکستان میں قیدیوں کا تبادلہ شروع،30اسیران منتقل

ریاض/اسلام آباد:پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر عمل درآمد کا آغاز ہوگیا ہے جس کے تحت سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کو پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے سفیر احمد فاروق نے اس بات کی تصدیق کی کہ سعودی عرب میں قید پاکستانی قیدیوں کو پاکستان منتقل کیا جا رہا ہے، وہ اپنی باقی سزا پاکستانی جیلوں میں مکمل کریں گے۔

احمد فاروق کے مطابق اب تک سعودی عرب سے 30 پاکستانی قیدیوں کو پاکستان منتقل کیا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی پیشرفت،پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ

سعودی عرب سے قیدیوں کی واپسی کے سلسلے میں 3 گروپوں کی صورت میں قیدیوں کو پاکستان بھیجا گیا ہے، اور اس دوران مزید 419 قیدیوں کی وطن واپسی کیلئے قانونی کارروائی جلد مکمل کر لی جائے گی۔

پاکستانی سفیر نے بتایا کہ سعودی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں میں سے 70 فیصد منشیات کے مقدمات میں گرفتار ہیں۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ 2022 میں طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک میں قید غیر ملکیوں کو اپنے وطن میں سزا مکمل کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اس معاہدے پر عمل درآمد سے سیکڑوں پاکستانی خاندانوں کو اپنے پیاروں کی وطن واپسی کی امید بندھی ہے۔

Scroll to Top