باغ:سابق صدر ریاست و سابق وزیر اعظم ،مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی دسویں برسی نہایت عقیدت و احترام کیساتھ غازی آباد میں منائی گئی ،مجاہد اول کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے مزار پر سلامی پیش کی،مزار پر قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا، نعت خواں حضرات نے نعتیہ کلام پیش کیا۔
بعد ازاں برسی کی تقریب سے سابق وزرائے اعظم سردار عتیق احمد خان،راجہ محمد فاروق حیدر ، سردار میر اکبر ،راجہ محمد یاسین ، عبدالرشید ترابی، محمد ظفر، زاہد صفی،ڈاکٹر مشتاق ودیگر نے شرکت کی ۔
مقررین نے اپنے خطاب میں مجاہد اول کی تحریک آزادی کشمیر کیلئے خدمات،سیاسی و سماجی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کی سیاسی و عسکری جد و جہد ہمارے لئےمشعل راہ ہے، مجاہد اول نے ہمیشہ نظریہ الحاق پاکستان کو مقدم رکھا اور پاکستان کیساتھ کشمیریوں کے رشتے کو کبھی کمزور نہیں ہونے دیا ۔
مجاہد اول کی قیادت میں ڈوگرہ سامراج کے خلاف ہونے والی بغاوت اور مسلح جد و جہد آج کی نسلوں کو یہ پیغام دیتی ہے کہ ہمارے اجداد نے ظلم کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اس ریاست کی آزادی حاصل کی لاکھوں شہداء کا خون تحریک آزادی میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجاہد اول کے نظریات اور افکار کو لے کرآگے بڑھیں گے اور کشمیر کی مکمل آزادی تک اپنی جد و جہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجاہد اول نے ہمیشہ نظریاتی سیاست کو فروغ دیا ریاست کو ہمیشہ تحریک کا بیس کیمپ بنانے کے لیے کردار ادا کرتے رہے۔
مجاہد اول کے چاہنے والے آج بھی آزادکشمیر و پاکستان کے علاوہ پوری دنیا میں ہیں اور مجاہد اول کی سیاسی بصیرت اور تحریک آزادی کے معترف ہیں ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ مجاہد اول کے مشن کی تکمیل کے لیے سب ملکر کام کریں گے اور ریاست کی مکمل آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر باغ راجہ صداقت سمیت ضلعی انتظامیہ کے آفیسران ، سیاسی قائدین، علماے کرام، وکلاء،صحافیوں کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔




