اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات، کویت اور عمان جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کو درپیش ویزہ مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ خلیجی ممالک کے حکام سے بات چیت ہو رہی ہے اور جلد مثبت پیشرفت کی توقع ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے لیے پاکستانی شہریوں کی ویزہ درخواستیں مسترد ہونے کی اطلاعات میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی وزارت حج نے عمرہ ویزےدوبارہ جاری کرنے کا اعلان کردیا
وزیر داخلہ نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر داخلہ سے ملاقات طے ہے اور حکومت اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے کیلئے بھی مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاسپورٹ کی بین الاقوامی ساکھ بہتر بنانے اور پاکستانی شہریوں کی عالمی نقل و حرکت میں آسانی کے لیے کام کر رہی ہے۔