احمد نورانی کا یوٹیوب چینل پاکستان میں بلاک کردیا گیا

یوٹیوب ایڈ منسٹریشن نے حکومتِ پاکستان کی شکایت پر صحافی احمد نورانی کا یو ٹیوب چینل پاکستان میں بلاک کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اداروں کیخلاف پروپیگنڈا پر منگل کے روز عدالت نے عمران ریاض، معید پیرزادہ ،احمدنورانی سمیت 27 یوٹیوبرز کے چینلز بلاک کرنے کا حکم دیا تھا، جس پر حکومتِ پاکستان کی شکایت پر احمد نورانی کے یوٹیوب چینل کو نا مناب کنٹینٹ کی بنیاد پر پاکستان میں بلاک کر دیا گیا ہے۔

قبل ازیں پاکستان میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی درخواست پر اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے 27 یوٹیوب چینلز کو بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔

ان چینلز میں صحافیوں کے علاوہ سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی جماعت تحریک انصاف کا آفیشل چینل بھی شامل ہے۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے یوٹیوب چینل بلاک کرنے کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ ریاست مخالف مواد کے حوالے سے این سی سی آئی اے نے دو جون کو انکوائری شروع کی تھی۔

عدالتی حکم نامے سے یہ پتا چلتا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گشین ایجنسی کے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد نے متعلقہ حکام کی منظوری سے یہ انکوائری کی۔

Scroll to Top