آزاد جموں و کشمیر میں موسم نے ایک خوشگوار مگر غیر یقینی رخ اختیار کر لیا ہے۔ وقفے وقفے سے ہونے والی بارش، بڑھتی ہوئی نمی اور گرج چمک کے مناظر نے فضاء کو خاصا متحرک اور بدلتا ہوا بنا دیا ہے۔ مظفرآباد، راولاکوٹ اور باغ سمیت کئی علاقوں میں آج صبح سے جزوی دھوپ اور بارش کے ملا جلا امتزاج دیکھا جا رہا ہے، جس سے موسم کا مزاج ہر لمحہ تبدیل ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 5 سے 7 دنوں کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔ ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہواؤں کے دباؤ، فضا میں نمی کی زیادتی اور درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ خاص طور پر مظفرآباد، راولاکوٹ، اور باغ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش متوقع ہے۔
خطرات اور ضلعی اقدامات:
بارشوں کے تسلسل کے باعث لینڈ سلائیڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی اور ٹریفک حادثات جیسے خطرات موجود ہیں۔ اس کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو 1122، بلدیاتی اداروں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو الرٹ کر دیا ہے۔
شہریوں اور سیاحوں کے لیے اہم احتیاطی تدابیر:
- سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
- پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، انتہائی احتیاط برتیں۔
- بارش کے دوران گاڑی کی رفتار کم رکھیں، خاص طور پر چڑھائی یا اُترائی پر۔
- رات کے وقت غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔
- ہمراہ گرم کپڑے، چھتری، فرسٹ ایڈ کٹ اور اضافی خوراک و پانی ضرور رکھیں۔
- جھیلوں، نالوں، آبشاروں اور برفانی تودوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
- قدرتی مقامات پر صفائی کا خیال رکھیں، آگ صرف چولہے میں جلائیں۔
- مقامی کلچر کا احترام کریں اور دور دراز علاقوں میں جانے سے قبل اپنی لوکیشن قریبی افراد کو بتائیں۔
📞 ایمرجنسی رابطے:
ٹورسٹ پولیس ہیلپ لائن:
05822-1422، 05822-930831، 05822-930832، 05822-930829
نیلم کنٹرول روم: 05821-930005
شکایت کے لیے WhatsApp: 0345-4114742 (DSP سید شجاع الحسن گیلانی)
یہ بھی پڑھیں: نیلم وادی بنیادی سہولیات سے محروم، مقامی افراد نے چار مطالبات پیش کر دیے
ٹورسٹ پولیس نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قدرتی خوبصورتی سے محظوظ ضرور ہوں، مگر احتیاطی تدابیر کو نظرانداز نہ کریں۔ “نیچر کے ساتھ کھیلنے کے بجائے اس کا احترام کریں، یہی محفوظ سفر کی ضمانت ہے۔”