کراچی:مختلف سیاسی اور کشمیری جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان نے موثر سفارت کاری کے ذریعے عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا ہے۔ عالمی برادری جموں کشمیر میں بھارت مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،افواج پاکستان نے بھارت کو حالیہ جنگ میں شکست دے کر مودی کاغرور خاک میں ملادیا ۔فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
کشمیری رہنما شہید برہان مظفر وانی کی کشمیر کی آزادی کے لیے کی گئی جدوجہد اور مشن کو جاری رکھا جائے گا۔شہید کشمیری رہنماء برہان وانی کی یاد اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے منگل کو کراچی میں آرٹس کونسل سے پریس کلب تک بنیان مرصوص ریلی نکالی جائے گی۔
اس ریلی میں تمام جماعتیں اور عوام شریک ہوں گے۔ریلی کا پیغام ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان۔
ان خیالات کااظہار مقررین نے پیر کو حسینہ معین ہال آرٹس کونسل میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کی جانب سے شہید کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کی نویں برسی پر منعقدہ سیمینار بعنوان شہید کی جو موت ہےقوم کی حیات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنونیئر غلام محمد صفی ، پیپلز پارٹی کراچی کے صدر و سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی، سیکرٹری جنرل سید پرویز شاہ ایڈوکیٹ اور خاتون کشمیری رہنماء سردار ام کلثوم اور دیگر نے خطاب کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا کہ یہ تاثر پیدا کیا کہ کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان پیچھے ہٹ گیا ہے لیکن یہ بھارتی پروپیگنڈا تھا۔
پاکستان نے حالیہ دنوں میں جنگ میں بھارت کو شکست دے کر ثابت کردیا ہے کہ کشمیر کے مسئلہ کا حل پاکستان کے اولین ترجیح ہے۔پاکستان کی حکومت عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلہ کے لیے موثر سفارتی مہم چلارہا ہے ۔اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔منگل کو کراچی میں بنیان مرصوص ریلی نکالی جائے گی۔
سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی کہا کہ مقبوصہ کشمیر کی عوام کی جدوجہد کی پیپلز پارٹی حمایت کرتی ہے۔برہان وانی کی شہادت کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔بھارت کشمیری عوام پر مظالم کررہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں ۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں پاسبانِ حریت کے زیرِ اہتمام حقِ خودارادیت ریلی، عوام کا سمندر اُمڈ آیا
یہ کشمیر کی ریلی ہے۔مسئلہ کشمیر پر سب جماعتیں متحد ہے۔پیپلز پارٹی کے قیام کی بنیاد مسئلہ کشمیر ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر میں خواب میں بھی غلطی نہیں کرسکتا ۔کشمیر پر ہزار سال جنگ لڑنی پڑے ہم لڑیں گے۔
بے نظیر بھٹو نے کشمیر کا مسئلہ عالمی سطح پر اجاگر کیا۔بلاول بھٹو زرداری اس مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔بلاول بھٹو کے کشمیر پر خطاب سے مودی حکومت پریشان ہوتی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل سید پرویز شاہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ حریت کانفرنس کشمیری پرامن جدوجہد کی علامت ہے۔یہ کشمیری عوام کی نمائندہ جماعت ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کا مطالبہ ہے کہ کشمیر کا مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو۔
کشمیری نوجوان برہان مظفر وانی کشمیر کا شہزادہ تھا ۔اس کی جدوجہد سے بھارت بھی ڈرتا ہے ۔برہان وانی نے کشمیری تحریک آزادی میں ایک تیزی پیدا کی ۔ہر کشمیری نوجوان اب برہان وانی بنا چاہتا ہے۔
برہان وانی دہشت گرد نہیں آزادی کشمیر کی تحریک کا ایک مجاہد تھا۔کشمیر کی آزادی کے لیے جاری تحریک جنگ نہیں ہے۔یہ تحریک پرامن کشمیری لوگوں کی جدوجہد ہے ۔بھارت کی کوشش ہے کہ برہان وانی کے کردار کو ختم کیا جائے لیکن یہ کشمیری عوام کے دلوں کا ہیرو ہے۔
منگل کو کشمیری رہنما شہید برہان وانی کی یاد اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے بنیان مرصوص ریلی آرٹس کونسل سے کراچی پریس کلب تک نکالی جائے گی جس میں تمام جماعتیں اور عوام شریک ہوں گے ۔اس ریلی کی ایک آواز ہوگی ۔برہان وانی ہمارا ہیرو ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی طحہ احمد خان نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان بنیان مرصوص ریلی کی حمایت کرتی ہے۔برہان وانی ایک جدوجہد کا نام ہے ۔
خاتون کشمیری رہنماء ام کلثوم نے کہا کہ برہان وانی نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔کشمیر کی آزادی میں خواتین میں صف اول کا کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے ریلی کی حمایت کا اعلان کیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء سردار صغیر ایڈووکیٹ نے کہا کہ شہید بربان وانی نے اپنی قوم کے لیے قربانی دی اور پرامن تحریک کا راستہ بتایا۔پاکستان نے حالیہ دنوں میں مسئلہ کشمیر عالمی فورمز پر اجاگر کیا۔اس مشن کو جاری رہنا چاہیے ۔انہوں نے ریلی کی حمایت کا اعلان کیا۔
مرکزی مسلم لیگ کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا کہ برہان وانی فرزند کشمیر ہے۔کشمیری عوام کی دلوں میں پاکستان کی محبت بستی ہے۔اس لیے ان کا نعرہ ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان ۔برہان وانی نے ڈیجیٹل میڈیا کے زریعہ کشمیر کا مقدمہ لڑا ۔انہوں نے ریلی کی حمایت کا اعلان کیا۔
کراچی میں کشمیری رہنما اقبال کشمیری نے کہا کہ وفاقی حکومت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔