پی ٹی آئی آزادکشمیر کا منحرف4 ممبران اسمبلی کیخلاف فیصلہ کن اقدام ،ریفرنس دائر

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر نے آج فلور کراسنگ کے خلاف آئینی و قانونی جنگ کا آغاز کرتے ہوئے ان منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف باضابطہ ریفرنس سپیکر اسمبلی کو جمع کرا دیا ہے، جنہوں نے پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر جماعتی وفاداری تبدیل کی۔ ان اراکین میں اکمل سرگالہ، رفیق نئیر، جاوید بٹ اور علی شان سونی شامل ہیں۔

تحریک انصاف آزادکشمیر نے منحرف چار ارکان اسمبلی چوہدری رفیق نئیر ،جاوید بث۔اکمل سرگالہ۔۔علی شان سونی کے خلاف نااہلی ریفرنس سپیکر آزادکشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر کے پاس جمع کروا دیا

پی ٹی آئی آزادکشمیر کے نائب صدر سید ذیشان حیدر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ اخلاقی، سیاسی اور جمہوری اعتبار سے اپنے مینڈیٹ سے غداری کے مرتکب ہوئے ہیں۔ جو شخص کسی جماعت کے ٹکٹ پر عوام سے ووٹ لے کر ایوان میں پہنچے، اُسے کوئی حق نہیں کہ وہ مفاد پرستی یا دباؤ کے تحت وفاداریاں تبدیل کرے۔ اگر ضمیر کی آواز واقعی جاگ اٹھی تھی، تو سب سے پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دیتے، پھر جس جماعت کا دل چاہتا، اُس میں شامل ہو جاتے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں فلور کراسنگ کے خلاف باقاعدہ قانون موجود ہے، لیکن بدقسمتی سے گزشتہ چند برسوں سے “لوٹا منڈی” جیسی مکروہ روایت نے جنم لیا ہے، جس نے نہ صرف جمہوری اقدار کو مجروح کیا ہے بلکہ ریاستی وقار اور عوامی اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ یہ سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔

سید ذیشان حیدر نے مزید کہا کہ آج ہم نے ریفرنس دائر کرکے اس بدنما باب کو ہمیشہ کے لیے بند کرنے کی عملی کوشش کی ہے۔ اب سپیکر آزادکشمیر اسمبلی آئینی طور پر پابند ہیں کہ وہ یہ ریفرنس مقررہ مدت کے اندر الیکشن کمیشن کو بھجوائیں، جہاں سے ان منحرف اراکین کو ڈی سیٹ یا نااہل قرار دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی حالیہ سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ جو لوگ عمران خان سے بے وفائی کرتے ہیں، وہ نہ صرف عوام کی نظروں سے گرتے ہیں بلکہ عبرتناک سیاسی انجام سے بھی دوچار ہوتے ہیں۔ آزادکشمیر میں بھی ان “لوٹوں” کا یہی حشر ہوگا۔ عوام اب باشعور ہیں، نظریاتی سیاست، میرٹ اور انصاف کی بالا دستی ہی اس خطے کا مستقبل ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ، اہم خطاب

Scroll to Top