فیلڈ مارشل عاصم منیر، پاک فوج کاحوالدار لالک جان کو یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت

راولپنڈی:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، چیف آف نیول اسٹاف، چیف آف ایئر اسٹاف اور مسلح افواج پاکستان کی جانب سے حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کو کارگل جنگ کے دوران مادر وطن کے دفاع میں بے مثال جرأت، غیر متزلزل عزم اور عظیم قربانی پر دل کی گہرائیوں سے خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لالک جان شہید نے آج ہی کے دن 1999 میں دشمن کے تابڑ توڑ حملے بہادری سے پسپا کیے۔

شدید زخمی ہونے کے باوجود میدان جنگ سے نکلنے سے انکار کیا اور آخری دم تک دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کیپٹن کرنل شیر خان کو 26ویں برسی پرعسکری قیادت وافواج کا شاندار خراج عقیدت

مسلح افواج اور پوری قوم ان کی قربانی کو عظیم احترام اور شکر گزاری کے ساتھ یاد کرتی ہے۔ شہید کی قربانی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے اور موجودہ و آئندہ نسلوں کے لیے حوصلہ اور عزم کا استعارہ ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج اس عہد کی تجدید کرتی ہیں کہ شہداء پاکستان کے مقدس مشن مادر وطن کے دفاع کو جرأت، فرض شناسی اور عزت و وقار کے ساتھ جاری رکھیں گے۔

Scroll to Top