وادی نیلم (کشمیر ڈیجیٹل) ایک ہی خاندان کی چھ میتیں ایک ساتھ بوتھا ٹانڈا مظفرآباد کے چھوٹے سے گاؤں میں پہنچیں تو ہر طرف آہ و بکا کا سماں تھا۔ جنازے میں شریک ہر فرد اشکبار تھا۔
ماں کی لاش پر بیٹی کا نوحہ، بہن کے لیے بھائی کی چیخ و پکار اور والد کی میت پر بچوں کا بین، گاؤں ماتم کدہ بن چکا تھا۔حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ’امیر خان ولد محمد یاسین‘، ان کی اہلیہ ’گلشن بی بی‘، بیٹیاں ’مشعل بی بی‘ اور ’نائمہ بی بی‘، بہو ’سندس‘ اور عزیزہ ’حلیمہ بشیر‘ شامل تھیں۔
یہ تمام افراد جورا میں رشتہ داروں سے ملنے جا رہے تھے کہ چلہانہ کے مقام پر ان کی گاڑی سینکڑوں فٹ گہری کھائی سے ٹکراتے ہوئے دریائے نیلم میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع پر ریسکیو 1122، محکمہ صحت، یونائٹڈ ریسکیو، آرمی، پولیس، ریڈ کریسنٹ اور مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائی میں حصہ لیا۔ کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد تمام لاشوں کو دریائے نیلم سے نکال کر نوسیری آرمی یونٹ پہنچایا گیا جہاں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالےکیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نیلم، اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام، ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر اور دیگر حکام جائے وقوعہ پر پہنچے اور ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی کی۔”یاد رہے یہ سانحہ 4 جولائی بروز جمعہ بعد از نماز جمعہ چلہانہ کے مقام پر اس وقت پیش آیا جب گاڑی نمبر B-3725 موڑ کاٹتے ہوئے دریائے نیلم میں جا گری تھی۔”
آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ پروگرام اختتام پذیر ،طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم