جشن آزادی وآپریشن معرکہ حق کی تقریبات کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

اسلام آباد: جشن آزادی اور آپریشن معرکہ حق کی تقریبات کی تیاری کیلئے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں وفاقی وزرا سمیت دیگر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

وزیراعظم دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی 14 اور 15 اگست کو معرکہ حق اور یوم آزادی کے شایان شان انتظامات کرے گی اور اس کے کنوینئر وفاقی وزیر احسن اقبال کو مقرر کیا گیا ہے اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کمیٹی کے شریک کنوینئر ہوں گے۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول، وزیر ثقافت حذیفہ رحمان اور دیگر اراکین شامل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جشن بہت منا لیا اب بھارت کے ساتھ کشمیر اور پانی کے مسئلے پر بات کی جائے ، حافظ نعیم الرحمان

کمیٹی میں وفاقی اور صوبائی سیکریٹریز، چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز بھی رکن ہوں گے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) اور جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) سے ڈی جی پی ایس اینڈ پی ایم بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

اعلیٰ سطح کی کمیٹی جشن آزادی کے حوالے سے قومی اور علاقائی تقریبات، سیکیورٹی اور میڈیا مہمات کی نگرانی کرے گی اور تقریبات کا موضوع “معرکہ حق” اور “عملی یک جہتی” قرار دیا گیا۔

ٹی او آرز میں کمیٹی کو یوم آزادی سے قبل تقاریب کا جامع شیڈول تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے اور تمام تقریبات قومی و ثقافتی شناخت کی آئینہ دار ہوں گی اور وفاق بھر میں عوامی شمولیت یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔

کمیٹی کو کہا گیا ہے کہ تقریبات میں سکیورٹی، ہنگامی تیاری اور پروٹوکول کا مکمل خیال رکھا جائے گا، میڈیا مہم، ثقافتی پریڈز، قومی مقابلوں اور عوامی سرگرمیوں کا جامع پلان ترتیب دیا جائے گا۔

کمیٹی کو 10 روز میں وزیراعظم کو تقریبات کا پلان پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top