شارجہ/اسلام آباد: بھمبر آزادکشمیر سے تعلق رکھنے والے کرین آپریٹر عدنان اسلم نے شارجہ میں گاڑی میں آگ لگنے پر اپنی خدمات فوری فراہم کرتے ہوئے سول ڈیفنس اہلکاروں کی مدد کی اور سول ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
عدنان اسلم کاتعلق بھمبر کے نواحی علاقے چھمب سے ہے اور وہ شارجہ میں کرین آپریٹر ہیں، سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے جب ان سے مدد طلب کی تو وہ جان کی پرواہ کئے بغیرکرین سے مدد کو لگ گئے اور 2گھنٹے تک سول ڈیفنس کے اہلکاروں کوآگ بجھانے میں مدد فراہم کی ۔
عدنان اسلم آگ بجھانے کےبعد سول ڈیفنس اہلکاروں کا شکریہ ادا کرنے کے بعدوہاں چلے گئے، سول ڈیفنس کے حکام کو ان کا یہ انسانیت دوست اقدام انتہائی پسند آیا۔
گلف ٹو ڈے اور خلیج اردو کی رپورٹس کے مطابق شارجہ سول ڈیفنس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل بریگیڈیئر یوسف عبید الشمسی نے عدنان کو دلیرانہ اور رضاکارانہ کوششوں پر خود اعزاز سے نوازا اور بہترین شخص بھی قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: قدرتی آفات کا ابتدائی وارننگ الرٹس نظام متعارف کروانے والے پاکستانی طلبہ نے ایوارڈ جیت لیا
سول ڈیفنس کے حکام نے اعتراف کیا کہ عدنان کی کوششوں سے مالی نقصان کم کرنے میں مدد ملی اورجانی نقصان بھی نہیں ہوا ، بیان میں کہا گیا ہے عدنا ن کے تیز اور بے لوث اقدام نے نقصان کو کم کرنے اور ایمرجنسی رسپانس ٹیم کی مدد کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب میں بریگیڈیئر الشمسی نے عدنان کی بہادری اور تیز سوچ کی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ اس کے اقدامات سے عوامی سطح پر آگاہی اور شہری دفاع کی کوششوں کیلئے حمایت کی عکاسی ہوتی ہے۔
عدنان اسلم نے ایک طرف یواے ای میں ایوارڈ اپنے نام کیا ہے دوسری طرف سوشل میڈیا پر ان کے جذبے کو سراہا جا رہا ہے۔