بیوہ خواتین کیلئے کورٹ ہائوسنگ پراجیکٹ دوسرے فیز کا افتتاح، ٹرسٹ امید کی کرن بن گیا، بیرسٹر سلطان محمود

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)کورٹ کیجانب سے آزاد کشمیر میں اپنی نوعیت کے ایک بڑے منصوبے کی افتتاحی تقریب۔بیواؤں کے لیے اپنا گھر “کورٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ” کے دوسرے فیز کا باضابطہ آغاز۔آزاد کشمیر میں بیوہ خواتین کے لیے گھروں کی تعمیر کا منصوبہ فیز ٹو میں داخل۔

صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ(KORT) یتیموں، بیواؤں اور مظلوموں کے لیے روشنی کی کرن بن گیاہے۔
میں کورٹ کے اس بابرکت منصوبے بیواؤں کے لئے گھروں کی تعمیر کے پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کو اپنے لیے ایک ا فتخار سمجھتا ہوں۔

سب سے پہلے، میں چوہدری محمد اختر کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے 2005 کے زلزلے کی تباہ کاریوں کے درمیان محبت، خدمت اور عزم کا جو سفر شروع کیا وہ آج ایک عالمی مثال بن چکا ہے۔

میرے اورکورٹ کے درمیان ایک جذباتی اور فکری وابستگی ہے۔ میں کورٹ کے اس سفر کا عینی شاہد ہوں اور میرپور شہر میں رہتے ہوئے میں نے دیکھا ہے کہ کس طرح یہ ادارہ ایک درد کو مشن میں بدل کر یتیموں، بیواؤں اور مظلوموں کے لیے روشنی کی کرن بن گیا۔

زلزلے کے بعد کشمیر کے ہزاروں یتیم بچوں کے لیے جو خدمت کورٹ نے کی وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ تعلیم، رہائش، صحت اور کردار سازی کے جس جامع نظام کی بنیاد رکھی گئی وہ آج بھی روشن مثال ہے

دنیا بھر میں جہاں کہیں کشمیریوں کا ذکر ہو کورٹ وہاں ہماری عزت، ہمارا تعارف اور انسانیت کی خدمت کی علامت بن چکا ہے۔چاہے وہ فلسطین ہو، افغانستان، ترکی یا شام -کورٹ نے ہر مظلوم کے درد کو اپنا درد سمجھا۔

یہ بظاہر ناممکن سی بات ہے کہ کشمیر کا کوئی ادراہ غزہ میں اپنے مظلوم بہن بھائیوں کی مدد کو پہنچے مگر کورٹ نے ثابت کیا کہ محنت اور جذبے کے آگے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیر اہتمام وڈوز ہاؤسنگ پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر تقریب میں وزیر فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ چوہدری یاسر سلطان،صدارتی مشیر سردار امتیاز خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر چیئرمین کورٹ چوہدری اختر نے خطاب کرتے ہوئے کورٹ کے تکمیل شدہ اور جاری پروجیکٹس اور اغراض و مقاصد پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔۔

چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری اختر نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 100 گھروں کی تعمیر کی جائے گی۔کٹ کی لاگت 250 ملین روپے، گھروں کی تعمیر 10 اضلاع میں ہوگی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کورٹ کی فلاح و بہبود کے لئے ہمیشہ ہماری مدد اور معاونت کی ہے۔

چیئرمین کورٹ چوہدری اختر نے صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جب 2005 کا زلزلہ آیا تو پاکستان کے عوام اور ادارے جوق در جوق آزاد کشمیر کے عوام کی مدد کو آئے۔ وہ لمحات کشمیری عوام پر ایک قرض کی صورت میں موجود ہے اور کورٹ کشمیریوں کے حصے کا وہ قرض بھی ادا کر رہا ہے۔

صوابی میں کشمیر کا جھنڈا لہرا کر کورٹ نے دکھایا کہ کشمیری جہاں بھی ہوں، انسانیت کے لیے آواز بن سکتے ہیں۔پاکستان کے سیلاب زدگان ہوں یا زلزلہ متاثرین، بلوچستان، سندھ یا پنجاب کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ نے خدمت کر کے بھائی چارے کا حق ادا کیا۔
آج کا یہ منصوبہ بیواؤں کے لیے گھروں کی تعمیر ایک احساس، اختیار اور وقار کی علامت ہے۔ ایسے گھروں میں صرف اینٹ اور پتھر نہیں، بلکہ نئی زندگیوں کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

میں اس پر چوہدری اختر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے کوٹلی میں جا کردیکھا کہ آزاد کشمیرکے پہلے برن سینٹر کی تعمیر آخری مرحلے میں ہے۔ مجھے کہنے میں کوئی عار نہیں کہ جو کام حکومتوں کو کرنا چاہیے وہ کورٹ نے اپنے ذمے لے رکھا ہے۔

میرپور میں 500 بیڈ کے جدید ہسپتال کی تعمیر جیسا منصوبہ اس بات کا عکاس ہے کہ کورٹ کو عوام کے بنیادی مسائل اور ضروریات کا ادراک ہے اور وہ انہیں پورا کرنے میں حکومت کے ساتھ قدم ملا کر چل رہا ہے۔

حالیہ بھارتی جارحیت کے بعد ایل او سی کے مظلوم خاندانوں کے لیے جو ریلیف کورٹ نے پہنچایا، وہ بھی ناقابلِ فراموش ہے۔ ایسا کوئی دوسرا ادارہ یا تنظیم نہیں کر سکا۔کورٹ نے خدمت کے ہر میدان میں یہ ثابت کیا ہے کہ جب نیت صاف ہو، تو راستے خود بنتے ہیں۔

صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں چیئرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری اختر کو یقین دلاتا ہوں کہ میرا ہر ممکن تعاون آزاد کشمیر کے اس عظیم ادارے کورٹ کے ساتھ رہے گا۔

صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری اختر کو اُن کی عظیم خدمات کے عوض حکومت پاکستان نے تمغہ امتیاز سے نوازا ہے اور انشاء اللہ آزادکشمیر کے عوام اور ریاست بھی اپنے اس عظیم انسان کی خدمات کو بہتر انداز میں اکنالج کرے گی۔

معاون خصوصی یا مشیر کالالچ دیکرپری پول رگنگ کی تو سخت مزاحمت کرینگے ، پیپلزپارٹی کا اعلامیہ جاری

Scroll to Top