لیبرپارٹی کو جھٹکا، پاکستانی نژاد زہرا سلطانہ حکمران پارٹی سے مستعفی،نئی جماعت بنانے کا اعلان

لندن (کشمیر ڈیجیٹل)برطانوی سیاست میںبڑی تبدیلی، پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ زہرا سلطانہ نے لیبر پارٹی سے اپنی 14 سالہ وابستگی کو خیر آباد کہتےہوئے استعفیٰ دیدیا۔

ذرائع کے مطابق زہرا سلطانہ نے یہ قدم پارٹی کی فلسطین پالیسی اور سوشل بینیفٹس سسٹم پر اختلافات کی بنیاد پر اٹھایا ہے۔

زہرا سلطانہ نے سماجی میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک نئی سیاسی جماعت بنانے جا رہی ہیں۔ انہوں نے سابق لیبر پارٹی لیڈر جیرمی کوربن کے ساتھ مل کر نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کے اپنے ارادوں کا بھی اعلان کیا۔

یہ استعفیٰ لیبر پارٹی کے لیے ایک بڑا دھچکا تصور کیا جا رہا ہے، خاص طور پر اس وقت جب پارٹی اندرونی اختلافات کا شکار ہے۔ زہرا سلطانہ کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسی سیاسی قوت بنانا چاہتی ہیں جو عوامی مفادات کو ترجیح دے گی اور موجودہ نظام میں اصلاحات لائے گی۔


سیاسی مبصرین کے مطابق زہرا سلطانہ کا یہ قدم برطانوی سیاست میں نئے سیاسی امکانات کو جنم دے سکتا ہے، خاص طور پر ان برطانوی پاکستانیوں کے لیے جو موجودہ سیاسی جماعتوں کے پالیسیوں سے مطمئن نہیں ہیں۔ زہرا سلطانہ کی نئی سیاسی جماعت کے قیام سے برطانوی سیاست کے مستقبل پر کیا اثرات مرتب ہوں گے، یہ آنے والے دنوں میں واضح ہوگا۔

چوہدری یٰسین لندن، لطیف اکبر بھی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے غائب، پیپلزپارٹی شدید اختلافات کا شکار

Scroll to Top