مظفر آباد:سپریم کورٹ آزادکشمیر نے ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ملازمت سے فارغ ہونیوالے 486 معلمین القرآن کی اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں سماعت کے بعد معلمین قرآن کے وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ معلمین قرآن اپنی جگہوں پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گےاور انکی تنخواہیں بھی جاری رہیں گی کیونکہ معاملہ اب سپریم کورٹ میں ہے، امید ہے فیصلہ معلمین قرآن کے حق میں آئیگا۔
وکیل کا کہنا تھاکہ راولاکوٹ اور باغ کے سوا معلمین قرآن کی کسی بھی ضلع میں تنخواہ بند نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مئی 2025 میں ہائیکورٹ آزادکشمیر کے ڈویژنل بنچ نے معلمین قرآن کی تقرریاں کالعدم قرار دیدی تھیں۔
جسٹس سردار اعجاز خان اور جسٹس خالد رشید پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے حکم دیا تھا کہ 3 ماہ کے اندر انکوائری کرکے خلاف ضابطہ تقرریاں کرنے والے آفیسرز کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ کارروائی کی رپورٹ پیش کی جائے اور تمام آسامیوں پر قانون و ضابطے کے مطابق تقرریوں کا پروسیجر میرٹ پر عمل میں لایا جائے۔