اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنشنرز کو دوبارہ ملازمت کے دوران پنشن وصول کرنے کی اجازت دیدی۔
نجی ٹی وی کے مطابق دوبارہ ملازمت کے دوران پنشن وصول کرنے کی اجازت اس شرط پر دی گئی ہے کہ ان کی تنخواہ سے ان کی مجموعی پنشن کے برابر رقم منہا کی جائے۔
اس اقدام سے ان ہزاروں پنشنرز کو فائدہ ہوگا جو ایک ملازمت سے ریٹائر ہونے کے بعد صدر سیکرٹریٹ، وزیراعظم سیکرٹریٹ، سپریم کورٹ پاکستان، سینیٹ سیکرٹریٹ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ اور الیکشن کمیشن پاکستان سمیت 36 مختلف اداروں میں دوبارہ نوکریاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کے ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن 8 ماہ سے بند، مالی مشکلات کا شکار
اس سے قبل وزارت خزانہ نے دوبارہ ملازمت اختیار کرنے والے افراد کو یا تو تنخواہ لینے یا پنشن لینے کا اختیار دیا تھا اور دونوں کو ایک ساتھ حاصل کرنے سے روکا گیا تھا۔
وزارت خزانہ کے ریگولیشن ونگ کو بتایا گیا تھا کہ دوبارہ ملازمت کی صورت میں تنخواہ یا پنشن میں سے ایک کو منتخب کرنے کی شرط مختلف اداروں کیلئے عملہ برقرار رکھنے میں مشکلات پیدا کرے گی۔