اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان اور دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کو پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہر دور میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیرمشروط حمایت کی ، اور ہم آئندہ بھی ہر عالمی و قومی فورم پر ان کا مقدمہ پوری قوت سے پیش کرتے رہیں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات میں پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں نے چیئرمین سے اپنے سیاسی و عوامی ویژن پر تبادلہ خیال کیا۔شرکاء ملاقات نے پیپلزپارٹی کے منشور کو ہر گھر پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا ۔
اس ملاقات میں پارٹی کی مرکزی قیادت میں شامل پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکریٹری جنرل سینیٹر نیر بخاری، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے جنرل سیکریٹری فیصل ممتاز راٹھور، سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض اور وزیر حکومت ضیاء القمر بھی موجود تھے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان، وزیراعظم کے مشیر سردار احمد صغیر، سابق وزیر و رکن اسمبلی علی شان سونی، سابق وزیر حکومت و ممبر اسمبلی رفیق نیر، وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ، کشمیر کونسل کے رکن سردار عدنان سیاب، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین،سردار افتخار رشید چغتائی اور عمر تنویر الیاس کو پارٹی میں شامل ہونے پر پُرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف آزاد کشمیر میں پارٹی مزید منظم ہو گی بلکہ خطے میں حقیقی عوامی سیاست کو تقویت ملے گی۔
ملاقات کے دوران سردار تنویر الیاس خان نے بلاول بھٹو زرداری کی مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ اور دوٹوک مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ”آپ نے پوری دنیا میں کشمیری عوام کی آواز بن کر ان کا مقدمہ جس حکمت و جرات سے پیش کیا، وہ قابلِ فخر ہے۔” چیئرمین بلاول نے اس پر کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی کشمیر کاز، وفاقی ہم آہنگی اور عوامی حقوق کے تحفظ پر رکھی گئی ہے، اور وہ اس اصولی مؤقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یہ سیاسی پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب آزاد کشمیر میں سیاسی ماحول خاصا متحرک ہے، عوامی سطح پر حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے اور آئندہ انتخابات کی تیاریاں زور پکڑ رہی ہیں۔
سردار تنویر الیاس کی استحکام پاکستان پارٹی سے علیحدگی اور پیپلزپارٹی میں شمولیت کو نہ صرف ایک بڑی سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے بلکہ مبصرین کے مطابق، یہ اقدام آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی صف بندیوں پر براہ راست اثرانداز ہو سکتا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی میں شامل ہونے والے تمام رہنما عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں، اور وہ مل کر آزاد کشمیر میں ایک نئی سیاسی فضا قائم کریں گے جہاں شفافیت، میرٹ اور عوامی فلاح کو مقدم رکھا جائے گا۔
یہ ملاقات آزاد کشمیر میں تبدیل ہوتے سیاسی منظرنامے کا اہم اشاریہ ہے، جس سے آنے والے دنوں میں آزاد کشمیر کی سیاست میں بڑی اور معنی خیز تبدیلیوں کی توقع کی جا رہی ہے۔
واد ی لیپا ،حکومتی نااہلی، فائربریگیڈ کی 2 گاڑیاں ناکارہ،عوام کا تشویش کا اظہار