سدھنوتی میں سیلولر کمپنیوں کی ناقص سروس پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے تمام موبائل نیٹ ورک فرنچائزز، ایزی پیسہ مراکز، شاپس اور اسٹالز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے، جن پر سب ڈویژنل مجسٹریٹس نے فوری عمل درآمد کیا۔
دفتر ڈپٹی کمشنر سدھنوتی کے نوٹس کی روشنی میں یہ کارروائی عوامی شکایات اور سروس کے ناقص معیار کے پیش نظر کی گئی۔ نوٹس میں بتایا گیا کہ بعض کمپنیاں مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اتر رہیں جس پر سخت اقدام اٹھایا گیا۔
اس صورتحال کے بعد موبائل کمپنیوں کے نمائندگان نے چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سے رابطہ کیا اور معاملے پر تفصیلی وضاحت پیش کی۔ چیف سیکرٹری نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سیلولر کمپنیوں اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کے حکام پر مشتمل ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سروس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز اور اقدامات زیر غور آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: کچی پیاز صحت کا خفیہ خزانہ یا روزمرہ کی عام سبزی؟
ضلعی دفتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ سروس کی بہتری کے لیے کمپنیوں کو مناسب مہلت دی جائے۔ تاہم، اگر مقررہ وقت کے اندر سروس میں بہتری نہ لائی گئی تو ذمہ دار کمپنیوں کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




