پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن جاری، 61 ہزار حجاج کی واپسی کا سلسلہ شروع

قومی ایئرلائن پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن تواتر سے جاری ہے، جس کے تحت دو پروازیں سعودی عرب سے حجاج کرام کو لے کر پاکستان پہنچ گئی ہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق پہلی پرواز پی کے 832 جدہ سے لاہور پہنچی جبکہ دوسری پرواز کراچی پہنچی۔ ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر بعد از حج آپریشن کی پہلی پرواز آج لینڈ کرے گی۔

پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 2 اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران مجموعی طور پر 268 پروازوں کے ذریعے 61 ہزار 467 حجاج کو سعودی عرب سے پاکستان پہنچایا جائے گا، جن میں 41 ہزار سرکاری اسکیم اور 19 ہزار پرائیویٹ اسکیم کے حجاج شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کچی پیاز صحت کا خفیہ خزانہ یا روزمرہ کی عام سبزی؟

یاد رہے کہ قبل از حج آپریشن 21 مئی سے شروع ہو کر 22 جون تک جاری رہا تھا۔ بعد از حج آپریشن کے دوران پی آئی اے کی پروازیں کراچی، اسلام آباد، لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ اور پشاور کے ایئرپورٹس پر لینڈ کریں گی، جبکہ سکھر، رحیم یار خان اور کوئٹہ ایئرپورٹس پر بھی حجاج کو لایا جائے گا۔