واشنگٹن ڈی سی کے قریب ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر بدھ کی رات ایک مسافر طیارہ اور امریکی فوج کا بلیک ہاک ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا گئے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے مطابق یہ حادثہ رات 9 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب بمبارڈیئر CRJ700 طیارہ جو پی ایس اے ایئرلائنز کے ذریعے امریکن ایئرلائنز کے لیے آپریٹ کیا جا رہا تھا لینڈنگ کے دوران ہیلی کاپٹر سے ٹکرا گیا۔
حادثے کے فوراً بعد واشنگٹن میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اطلاع دی کہ پوٹومیک دریا میں سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ امریکن ایئرلائنز نے تصدیق کی ہے کہ ان کی پرواز امریکن ایگل اس واقعے میں ملوث تھی اور مزید معلومات دستیاب ہوتے ہی فراہم کی جائیں گی۔
حادثے کے نتیجے میں ریگن نیشنل ایئرپورٹ پر تمام پروازیں معطل کر دی گئیں اور ایئرپورٹ انتظامیہ نے اعلان کیا کہ تمام ٹیک آف اور لینڈنگز کو روک دیا گیا۔
امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔