یورپ میں گرمی کی شدت خطرناک حد کو چھو رہی ہے، جہاں کئی ممالک میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے۔ اس غیرمعمولی موسمی صورتحال کے باعث مختلف ملکوں میں ہنگامی الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
ہیٹ ویو کے باعث یورپی اور برطانوی حکام نے ہیلتھ اور وائلڈ لائف وارننگز جاری کردی ہیں۔ اٹلی، یونان، اسپین اور پرتگال میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جب کہ اسپین کے شہر بارسلونا میں گرمی کے باعث ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی۔
پرتگال کے علاقے مورا میں درجہ حرارت 47 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا، جس پر شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی۔ اٹلی میں روم، میلان اور نیپلز سمیت 21 شہروں کو ہائی ہیٹ الرٹ پر رکھا گیا ہے، اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے کیسز سامنے آئے ہیں اور دن کے وقت آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی پر غور کیا جا رہا ہے۔
پیرس میں آج سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، جہاں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا جو ممکنہ طور پر 49 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ فرانس میں بھی درجہ حرارت 34 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جو 38 تک جانے کا امکان ہے، جس پر اورنج الرٹ جاری کرتے ہوئے تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں۔
برطانیہ میں جون کا سب سے گرم دن ریکارڈ کیا گیا، جہاں مانچسٹر کا درجہ حرارت 35 ڈگری کو چھو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو سے راجہ فاروق حیدر کی ملاقات، ایوان میں مسئلہ کشمیر اٹھانےکامطالبہ
شدید گرمی کے پیش نظر یورپ کے کئی ممالک میں جنگلات میں آگ لگنے کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے جبکہ درجہ حرارت سے بچاؤ کے لیے شہریوں نے ساحلوں کا رخ کرلیا ہے۔