مظفرآباد :کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتارحسین کی زیر صدارت ریجنل/ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمانڈر ون اے کے بریگیڈ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس(ریجن)مظفرآباد یاسین قریشی نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی سیاحت چوہدری مہربان ،ڈی جی ایس ڈی ایم اے سرداروحیدخان،چیئرمین ایم ڈی سے شفیق احمد، سپرنٹنڈنگ انجینئرہائی وے سیدکاشف علی گزدیزی ،سپرنٹنڈنگ برقیات ودیگر بھی شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد چوہدری گفتارحسین نے کہا کہ سول و ملٹری کوآرڈینیشن کی بدولت نہ صرف ہندوستان کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا بلکہ اندرونی سطح پر دہشتگردی کے منصوبے بھی ناکام بنائے گئے۔
انہوں نے افواج پاکستان، پولیس اور دیگر اداروں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فورم کا مقصد ڈویژن میں عوامی خدمت کو موثر بنانے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینا ،مستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینا ہے، اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے ہی عوامی خدمت کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔
انہوں نے ترقیاتی منصوبے جات کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منصوبہ جات کیلئے فنڈز مہیا کیے ہیں محکمہ جات عوامی سہولیات کیلئے شروع کیے منصوبوں کو مکمل کریں تاکہ لوگوں کو سہولیات میسر ہو سکیں۔
اعلیٰ ملٹری حکام نے اجلاس میں ہندوستانی جارحیت کے خلاف عوام اور سول انتظامیہ کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی اور شہداء کی قربانیوں کو سراہا۔
اجلاس میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر اسکی حقیقی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائیگا۔
اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنانے، جرائم کے خاتمہ، ٹریفک مسائل کے خاتمہ سمیت شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملکی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ
اس موقع پر آزادکشمیر میں مختلف منصوبہ جات پر کام کرنے والے غیر ملکی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا،راڑاہ جیل کا جوائنٹ سکیورٹی آڈٹ کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی منصوبہ جات بروقت تکمیل کیلئے تمام محکمہ جات کوآرڈینیشن سے کام کریں گے۔
اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایس ایس پیز نے اپنے اپنے ضلع میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کشمیر مظفرآباد نے کہا کہ ٹورآپریٹرزکی رجسٹریشن کی جائے اور سوشل ،پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے عوام و الناس میں آگاہی دی جائے کہ سیاح حضرات صرف رجسٹرڈ ٹورآپریٹرز کے ذریعہ ہی سیروتفریح کے پروگرام ترتیب دیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس یاسین قریشی نے کہا کہ ملک کی انٹرنل سکیورٹی اور امن وامان کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے جبکہ ایکسٹرنل سکیورٹی افواج پاکستان کی ذمہ داری ہے۔
ہمارا مقصد ایک ہے اس لیے ضروری ہے کہ ہم کوآرڈینیشن سے کام کریں تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
اجلاس میں شریک ڈپٹی کمشنرز اور سپرنٹنڈنٹ پولیس نے اپنے اضلاع میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاسوں، ترقیاتی منصوبہ جات، عوامی فلاحی اقدامات اور درپیش چیلنجز پر فورم کو تفصیلی بریفنگ دی۔
دہشتگردی کے منصوبہ سازوں اور سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں نمٹا جائیگا
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام اضلاع میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور ریاست کے پرامن ماحول کو خراب کرنے اور دہشگردی کے منصوبہ بنانے والوں اور ان کے سہولت کاروں کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمانڈر ون اے کے بریگیڈ نے کہا کہ اس فورم کا مقصد ایک دوسرے کے کام کا جائزہ لے کر کوآرڈینیشن کو بڑھانا ہے تاکہ زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی مسائل سے ہی امن وامان کے مسائل پیدا ہوتے ہیں اس لئے ان مسائل کو متعلقہ محکمہ جات بروقت حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن اور غیر ملکیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی، بجلی کی بلا تعطل ترسیل، سڑکوں کی بہتری، صحت و سیاحت کے فروغ کیلئے اعلیٰ حکام کو تجاویز بھیجی جائیں گی تاکہ لوگوں کو درپیش مسائل میں کمی لائی جا سکے۔
اجلاس میں آپریشن بنیان مرصوص میں شہید ہونے والوں اور دہشگردوں کے مقابلے میں شہادت کا رتبہ پانے والے پولیس کے جوانوں کے لیے فاتحہ اور خصوصی دعا کی گئی۔