مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل سفیر رضا)آزاد جموں و کشمیر میں شدید مون سون بارشوں کے پیش نظر اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ایس ڈی ایم اے نے 30 جون سے 5 جولائی تک کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے نے ممکنہ سیلاب، اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر ہنگامی صورتحال کے خطرات کی پیشگوئی کرتے ہوئے عوام، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ایس ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں سے مظفرآباد، نیلم، لیپہ ویلی، ہٹیاں بالا، باغ، راولاکوٹ، سدھنوتی، حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر سمیت دیگر اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں، جہاں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، رابطہ سڑکوں کے بند ہونے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔
محکمۂ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق بعض بلند پہاڑی مقامات پر تیز بارشوں کے ساتھ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے، جس سے بجلی کے کھمبے، کچے مکانات، اور کمزور ڈھانچے متاثر ہو سکتے ہیں۔
ایس ڈی ایم اے نے تمام شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، پہاڑی یا لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے والے علاقوں میں قیام نہ کریں، اور دریاؤں، نالوں اور دیگر آبی گذرگاہوں کے قریب جانے سے پرہیز کریں۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ موسمی ایپ، ریڈیو اور مستند ذرائع سے موسم کی لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹس حاصل کرتے رہیں۔
ادارہ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریسکیو سروسز، ہیلتھ یونٹس، اور ایمرجنسی مشینری کو الرٹ رکھا جائے، جبکہ نشیبی اور حساس مقامات پر خصوصی نگرانی بڑھائی جائے۔
آزاد کشمیر کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر SDMA ہیلپ لائن 1129 پر دیں تاکہ بروقت امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔
اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ ایک سنگین موسمی صورتحال ہے جس سے بچاؤ کے لیے انفرادی اور اجتماعی سطح پر ذمہ داری اور احتیاط لازم ہے۔