پاک فضائیہ سے جھڑپ میں ہمارےطیارے تباہ ہوئے، بھارتی دفاعی اتاشی کا اعتراف

بھارتی دفاعی اتاشی شیو کمار نےاعتراف کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے سیاسی قیادت کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان سے لڑاکا طیارے کھوئے ہیں۔

انڈونیشیا میں ایئر فورس یونیورسٹی مارشل سوریہ دھرم کی تقریب میں بھارتی دفاعی اتاشی شیو کمار نےاعتراف کیا ہے کہ 7 مئی کو پاکستان کی جانب سے کئی بھارتی جنگی طیارے مار گرائے گئے تھے۔

اگرچہ انہوں نے تباہ ہونے والے طیاروں کی درست تعداد بتانے سے گریز کیا لیکن کہا کہ ہم نے کچھ طیارے کھوئے ہیں۔

بھارتی دفاعی اتاشی شیو کمار کا کہنا تھا کہ فضائی لڑائی کے ابتدائی مرحلے میں بھارتی ایئر فورس کو نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ سیاسی قیادت نے فضائیہ کو پاکستانی فوجی تنصیبات اور ایئر ڈیفنس سسٹمز پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جنرل کا پہلی بار پاکستان کے ہاتھوں اپنے جنگی طیاروں کی تباہی کا اعتراف

شیو کمار کے اعتراف نے پاکستان کے اس دعوے کو سچ ثابت کر دیا ہےکہ اس جھڑپ میں بھارت کے چھ جنگی طیارے تباہ کیے گئے تھے، جن میں جدید رافال بھی شامل ہے۔

بھارتی حکومت نے اس وقت صرف ’’کچھ طیاروں‘‘ کے نقصان کی تصدیق کی تھی مگر مکمل تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ قوم کو سچ بتایا جائے۔

اگر بھارت جیسے حساس دفاعی معاملے میں سچ چھپایا گیا تو یہ نہ صرف شفافیت کے خلاف ہے بلکہ قومی سلامتی پر بھی سوالات اٹھاتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ انکشاف ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی بدستور موجود ہے اور دونوں ممالک کے درمیان معمولی جھڑپ بھی کسی بڑے تنازعے میں بدل سکتی ہے۔

Scroll to Top