اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان جب پہلی مرتبہ اسلام آباد کے ایف ایٹ سیکرٹریٹ پہنچے تو وہاں کا منظر ایک عظیم الشان عوامی اجتماع میں تبدیل ہو گیا۔
پارٹی کارکنان، بلدیاتی نمائندگان، سینئر سیاسی رہنما اور مختلف اضلاع سے آئے ہوئے قافلوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے اپنے قائد کا شاندار استقبال کیا۔ نعروں کی گونج، جوش و خروش اور عوامی محبت نے ثابت کر دیا کہ سردار تنویر الیاس خان کی شمولیت صرف ایک سیاسی فیصلہ نہیں بلکہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک تاریخی موڑ ہے۔
اس موقع پر پُرجوش شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید چغتائی نے اعلان کیا کہ “آج کے بعد ایف- ایٹ کا یہ سیکرٹریٹ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کا مرکزی سیکریٹریٹ اور سیاسی قلعہ ہوگا۔ یہ دفتر ایک بار پھر جیالوں کا مرکز، کارکنوں کا مورچہ اور عوامی حقوق کی آواز بنے گا!۔
سردار تنویر الیاس خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کا پرچم بلند کر کے باقاعدہ پرچم کشائی کی، جو اس بات کا اظہار تھا کہ وہ پارٹی نظریئے، عوامی خدمت اور شہید ذوالفقار علی بھٹو و محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کے سچے وارث بن کر آگے بڑھنے کو تیار ہیں۔
تقریب میں آزاد کشمیر کے تمام اضلاع سے آنے والے سیاسی و سماجی وفود نے سابق وزیراعظم سے ملاقاتیں کیں، انہیں مبارکباد دی اور ان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ وفود کی جانب سے واضح پیغام دیا گیا کہ اب پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد پلیٹ فارم ہے جو کشمیری عوام کے حقوق کی حقیقی ترجمانی کرے گا۔
اس تقریب میں وزیر حکومت سردار ضیاء القمر، ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی، مشیر حکومت سردار احمد صغیر، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد اور سردار تنویر الیاس کی سیاسی ٹیم کے دیگر اہم ارکان بھی موجود تھے
ٹیم کے اہم ارکان نے پارٹی میں اس تاریخی شمولیت کو آنے والے وقتوں میں ایک نیا سیاسی جنم قرار دیا۔تقریب نہ صرف ایک استقبال تھا بلکہ یہ اعلان تھا کہ اب آزاد کشمیر کی سیاست پر جیالوں کا راج ہوگا۔
بالاکوٹ کو سونے کی کان نہ سمجھیں، مانسہرہ میں چار ٹول پلازوں کے قیام پر چوہدری نورالحسن گجر برہم