ہم مل کر پیپلزپارٹی کو مضبوط کرینگے، چوہدری یاسین،لطیف اکبر کی تنویر الیاس کو مبارکباد

اسلام آباد:سابق وزیرِاعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے موقع پر صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین اور سپیکر قانون سازاسمبلی چوہدری لطیف اکبر کی غیر موجودگی پر کی جانیوالی چہ میگوئیاں دم توڑ گئیں۔

سردار تنویر الیاس چوہدری یاسین کی رہائشگاہ پہنچ گئے جبکہ سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے تنویر الیاس کو انکی رہائشگاہ پر جاکر مبارکباد دی۔

تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی میں شمولیت کے بعد سردار تنویر الیاس صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین کی رہائش گاہ پر ملاقات کیلئے پہنچ گئے۔

چوہدری یاسین نے سابق وزیرِاعظم کا پرتپاک استقبال کیا اور پارٹی میں شمولیت پر دلی مبارکباد پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں:صدرمملکت آصف زرداری سے سردار تنویر الیاس کی ملاقات،پیپلزپارٹی میں باضابطہ شمولیت کااعلان

اس موقع پر چوہدری یاسین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک خاندان کی مانند ہے۔ آپ کی شمولیت ہمارے لئے باعثِ فخر ہے اور میں دل کی گہرائیوں سے آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے اپنے مختصر دورِ حکومت میں آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا، تعمیر و ترقی کے اہم منصوبوں کا آغاز کیا اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے سنجیدہ اقدامات کیے۔ ان خدمات پر میں آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ہم سب مل کر پاکستان پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں مضبوط بنائیں گے اور ریاست کے عوام کیلئے جامع اور موثرپالیسی پلان لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان پیپلز پارٹی اپنا تاریخی اور فعال کردار جاری رکھے گی۔

اس موقع پر وزیر حکومت سردار ضیاء القمر ، ممبر اسمبلی چوہدری علی شان سونی ، مشیر حکومت سردار احمد صغیر ، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد ، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین و دیگر بھی ہمراہ تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قیادت کاہرفیصلہ تسلیم ہے، پی پی رہنمائوں کاتنویر الیاس کی شمولیت کا خیرمقدم

دریں اثناء سردار تنویر الیاس سے انکی رہائش گاہ پر سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے ملاقات کی پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی ۔

ذرائع کے مطابق آئندہ چند دنوں میں سردار تنویرالیاس کوپیپلزپارٹی میں اہم عہدہ دیا جائیگا جس پر پیپلزپارٹی کے قائدین خدشات کا شکار ہیں ۔

دوسری طرف آج ہفتہ کو صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان کی صدر زرداری سے بھی ملاقات طے ہے جس میں وہ پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔

پیپلزپارٹی میں بڑے کھلاڑیوں کی آمد پرآزادکشمیرکی قیادت پریشان ضرور ہے لیکن ان کے پاس آپشن کوئی نہیں کیونکہ مرکز سے فیصلے کئے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top