مودی آنیوالی نسلوں کو پانی پر لڑانا چاہتا،سفارتی مشن نے کشمیر پر اہم کامیابیاں حاصل کیں، بلاول

اسلام آباد:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے سفارتی وفد نے دنیا کے سامنے پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کشمیر پراہم کامیابیاں حاصل کیں ۔

مودی چاہتا ہے آنیوالی نسلوں کو پانی پر لڑائے اور یہ ہمیں قبول نہیں، سندھ طاس معاہدے کے تحت ہم اپنا پانی لیں گے، ہم اپنا پانی لینے کیلئے لڑیں گے، معاہدہ تسلیم نہ کیا گیا تو آخری کنارے پر رہنے کے ناطے تمام 6 دریاؤں پر ہمارا حق ہے۔

اسلام آباد پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان کو جنگ کےمیدان میں شاندار کامیابی کے بعد بیانیے کے محاذ پر بھی فتح حاصل ہوئی ،ہم نےاپنے سے سات گنا بڑے ملک کو شکست دی۔

بھارت کا بیانیہ جھوٹ کی بنیاد پر تھاجبکہ ہم سچ پر کھڑے تھے، آرمی چیف کا دورہ امریکہ تاریخی اور بے مثال ہے،بھارت کیخلاف فتح میں پاکستان کے میڈیا کا کردار بھی تاریخی ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کا بھارت سے ثبوت مانگنابہترین فیصلہ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے پاس دو ہی آپشنز ہیں، سندھ طاس معاہدہ مان لے یا جنگ کیلئے تیار رہے: بلاول بھٹو

جنگ کے 5 دنوں میں ثابت ہوا کہ بھارت پاکستان سے بہت سے شعبوں میں پیچھے ہے،پاکستان اور بھارت کی نئی نسل جنگ کے پیغام پر نہیں جائیں گے، امن کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی، آرمی چیف کے دورے میں سب سے بڑا کردار جنگ جیتنے کا تھا۔

انہوں جنگ کے بعد بھارت سے دنیا کی بہت ساری امیدیں ٹوٹیں، ہماری کمیٹی کو امن کا کیس پوری دنیا میں لڑنے کا ٹاسک دیا گیا، ہمارا بیانیہ صرف اور صرف سچ تھا، امن کی وکالت کرنا بھارت کے عوام کا کیس لڑنا بھی ہے، ہم نے شفافیت کے ذریعے دشمن کے پروپیگنڈے کو شکست دی۔

ہم پر پہلگام کا الزام لگا تو ہم نے ماضی کو نہیں جھٹلایا، بھارت سفارتی لائنز پر بھی دنیا سے جھوٹ بول رہا تھا، تمام سیاسی جماعتوں نے جس سے جتنا ہو سکا پاکستان کا بیانیہ اجاگر کیا ،بھارت تو کئی ہفتے بعد بھی یہ کہتا رہا کہ ہاں شاید ہمارا کوئی جہاز گرا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کے لیے ان کی زبان ہی ان کی سیاست ہے ، ہم نے دنیا کو بھارت کو ہرا کے دکھا دیا، اب ہمیں معاشی میدان میں ترقی کرنی ہے ، سیز فائر ہوا تو تسلیم کیا گیا تھا کہ تمام متنازع امور پر بات چیت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت سندھ طاس معاہدہ نہیں مانتا تو جنگ لڑے، ہم دوبارہ شکست دیں گے: بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا کہ جب مودی کہتا ہے کہ میری گولی کھاؤ تو ان کا مائنڈ سیٹ تو سب کے سامنے ہے، ہمیں بھارتی عزائم نظر آ رہے ہیں لیکن ان کی یہ کوشش بھی ناکام ہو گی ، مودی ٹرمپ کو کہیں نہ کہ وہ جھوٹ بول رہا ہے میں نے تو سیز فائر کا نہیں کہا،

انہوں نے کہا کہ سفارتی کوششوں کے بعد اب دنیا کشمیر کو دوسری طرح دیکھ رہی ہے، امریکی صدر اور بھارت کے جیو پولیٹیکل دوست بھی کشمیر کو مسئلہ تسلیم کر رہے ہیں ، اس وقت جب بھارت ہمیں دہشت گرد قرار دلوانا چاہتا ہے، امریکا اقوامِ متحدہ میں کہتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فطری اتحادی ہے۔

مودی پہلے گجرات پھر کشمیر کا قصائی بنا، اب وہ انڈس ویلی کا قصائی بننا چاہتا ہے، اگر بھارت سپر پاور بننا چاہتا ہے تو پھر ایسے چھوٹے کام نہیں کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میںکہا کہ ایک ایسے وقت میں جب اسرائیل انسانیت اور اخلاقیات کی دھجیاںاڑا رہا ہے اور پورے ملک کی نسل کشی کی جا رہی ہے اس ماحول میں ہماری حکومت اور افواج سےاسرائیل تسلیم کرنے کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

Scroll to Top