مون سون بارشیں، کمشنر میرپور ان ایکشن،تمام محکموں کی چھٹیاں منسوخ

میرپور(کشمیر ڈیجیٹل اردو)کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین کی زیر صدارت مون سون 2025ء کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ڈویژنل ہیڈکوارٹر میرپور میں منعقد ہوا، جس میں میرپور، کوٹلی اور بھمبر اضلاع کے ضلعی، شہری، امدادی، فلاحی اور انفراسٹرکچر سے وابستہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

کوٹلی اور بھمبر کے ڈپٹی کمشنر صاحبان اور دیگر متعلقہ ضلعی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی ہدایات کی روشنی میں مون سون کے دوران ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے مرتب کردہ پلان کا جائزہ لینا اور تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت دینا تھا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین نے کہا کہ مون سون کی شدت اور غیر متوقع بارشوں کے باعث ہنگامی حالات پیدا ہو سکتے ہیں لہٰذا تمام ادارے پیشگی اقدامات کو مکمل کریں، مشینری کو چالو حالت میں رکھیں اور باہمی روابط کو مضبوط بنائیں تاکہ کسی بھی صورت حال میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، اس کیلئے تمام محکمے اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی سے ادا کریں۔ اجلاس میں مون سون ایمرجنسی پلان 2025ء کے تحت مختلف ہدایات جاری کی گئیں جن میں نالوں، دریا کے کناروں اور بندوں کی صفائی اور وہاں تجاوزات کے فوری خاتمے پر زور دیا گیا۔

خطرے سے دوچار آبادیوں کی بروقت منتقلی، ان کے لیے متبادل رہائش گاہوں کی پیشگی نشاندہی اور سرکاری اسکولوں و عمارات کو عارضی پناہ گاہوں میں تبدیل کرنے کے اقدامات شامل تھے۔ کنٹرول رومز اور ایمرجنسی سیلز کو ضلعی و ڈویژنل سطح پر قائم کر کے 24 گھنٹے فعال رکھنے کی ہدایت دی گئی۔

میونسپل کمیٹیوں، سول ڈیفنس رضاکاروں، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس، شاہرات، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت دی گئی۔ تمام محکموں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ ہنگامی حالات میں فوری ردعمل ممکن ہو۔

متاثرہ افراد کے لیے خوراک، صاف پانی، برقی رو کی بحالی، ابتدائی طبی امداد اور ضروری ادویات کے پیکجز کی تیاری کی بھی ہدایت دی گئی۔ میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو بروقت وارننگز اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ تمام مشینری، آلات، بجلی کے کھمبوں اور لائنوں کا فوری معائنہ کر کے کسی بھی خرابی کو بروقت درست کرنے کی ہدایت دی گئی۔ گاؤں کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیوں کے قیام، اسکولوں و کالجوں میں آگاہی پروگرام کے انعقاد اور نشیبی علاقوں میں بسنے والے لوگوں کو پیشگی خبردار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

حساس مقامات پر کشتیوں کی دستیابی، امدادی ٹیموں کی فوری روانگی اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ڈویژن ہذا کے علاوہ سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی مظفرآباد کو فوری رپورٹنگ کے احکامات دیئے گئے۔

اجلاس کے اختتام پر کمشنر میرپور ڈویژن نے تمام اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ مون سون پلان پر عملدرآمد میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں اور عوامی تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کہ قدرتی آفات سے بچاؤ کے لیے تیاری، نظم و ضبط، تعاون اور فوری ردعمل ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔

محرم الحرام : امن وامان قائم رکھنے کیلئے ڈپٹی کمشنر بنیش جرال کے سخت احکامات جاری

Scroll to Top