پانیولہ، فاروق آباد(سٹیٹ ویوز)صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر ، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے تمام مصیبتیں ، تکالیف خود سہہ کر بھی آزاد کشمیر کو ہمیشہ ترجیح دی، بدقسمتی سے انوار سرکار نے ریاستی تشخص کو مجروح کر دیا ہے ، اس وقت ریاستی نظام درہم برہم ہے ، ریاستی عوام انوار سرکار کے خلاف سراپا احتجاج ہے ۔
ہم نے اپنے دور حکومت میں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور انہیں باعزت روزگار فراہم کرنے کے لیے وومن ایمپاورمنٹ ، آئی ٹی پارک اور ایمازون جیسے کئی پروگرام شروع کیے ۔ پرائیویٹ سیکٹر کو فعال کیا مگر انوار سرکار نے سب منصوبے روک لیے۔ چوہدری طارق فاروق سے بڑے مارجن سے ہارنے والے شخص کو ہم نے جتوایا ، سپیکر بنوایا جو میری بڑی غلطی تھی ۔ ان خیالات کا اظہار سردار تنویر الیاس خان نے سردار صغیر چغتائی شہید پریس کلب فاروق آباد بنگوئیں میں نو منتخب عہدیداران سے حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کا آپس میں کوئی موزانہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان نے تمام مصیبتیں ، تکالیف خود سہہ کر بھی آزاد کشمیر کو ہمیشہ ترجیح دی۔ ضیاء الحق نے اپنے دور میں راولاکوٹ اور مظفرآباد میں ائیرپورٹ دیا۔ آزاد کشمیر کی ترقی کی ذمہ داری یہاں کے حکمران طبقہ کی تھی ۔ 32 سال ریاست کی عوام کو یہاں کے حکمرانوں نے بلدیاتی انتخابات سے دور رکھا جبکہ وفاق کا اس سب میں کوئی قصور نہیں تھا۔
مقبوضہ کشمیر میں ریل سروس کے گن گانے والے شاید یہ نہیں جانتے کہ وہاں جیل جیسی زندگی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں لوگ بنیادی صحت کی سہولیات سے محروم رہتے ہیں اور اپنی ضروریات زندگی کے لیے بھی گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔ سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ریاست کا اپنا مکمل سیٹ اپ موجود ہے جبکہ دوسری جانب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے اسے اٹوٹ انگ کا درجہ دے دیا یے۔
مقبوضہ کشمیر کی عوام کو پاکستانی پرچم کی قدر و منزلت ہے۔ سید علی شاہ گیلانی رحمتہ اللہ علیہ نے بستر مرگ پر بھی نعرہ لگایا تھا کہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے۔ آزاد کشمیر کے لوگ بھی غیرت مند اور وفادار ہیں ۔سردار صغیر شہید پریس کلب ہم سب کا ہے یہ ریاستی سطح پر مثالی پریس کلب ہو گا
۔سابق وزیراعظم نے نو منتخب عہدیدران سے حلف لیا اور سرپرست اعلی سید غالب بخاری، صدر پریس کلب شاہد رشید ، جنرل سیکرٹری ہارون کیانی، ڈاکٹر فہیم، چوہدری عرفان ،قاری صیاد فاروقی، نائب صدر فریدہ خانم، عائشہ طفیل اور دیگر تمام نو منتخب ممبران کو مبارکباد دی۔تقریب میں سردار عمر تنویر خان ، پولیٹیکل ایڈوائزر سردار افتخار رشید ، سید مسعود گردیزی صدر سینٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع پونچھ، سابق سٹاف آفیسر سردار صدام نسیم ، پیر عبد القادر ، آفتاب عباسی ، سابق ڈی پی او پونچھ سردار طاہر سلطان ، چیئرمین طفیل احمد ، مسعود عباسی سمیت صحافیوں اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔