نیویارک:اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ پاکستان آئندہ ماہ (جولائی) میں سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔
اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں پاکستان کی مجوزہ پروگرام آف ورک پر تفصیلی گفتگو کی گئیجس کے تحت عالمی امن و سلامتی کے کئی اہم امور پر سلامتی کونسل کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل ایران جنگ پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب، جنیوا میں مذاکرات بھی ہونگے
سفیر عاصم افتخار احمد نے واضح کیا کہ پاکستان، سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران شفاف، مشاورتی اور تعمیری سفارت کاری کو فروغ دے گا تاکہ عالمی مسائل کے حل میں مؤثر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
ملاقات کے دوران عالمی سطح پر جاری بحرانوں، خصوصاً مشرق وسطیٰ کی نازک صورتحال، افریقی و ایشیائی خطوں میں کشیدگی، اور اقوام متحدہ کے امن مشنز کی افادیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان کے سفیر نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری، پرامن تنازعات کے حل، اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی کی صدارت سنبھال لی
انہوں نے بین الاقوامی چیلنجز کے حل کیلئے کثیرالجہتی تعاون کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل کی امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان کی آئندہ صدارت نہ صرف عالمی سطح پر اس کی سفارتی سرگرمیوں کو نمایاں کرے گی بلکہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر جنوبی ایشیائی مؤقف کو بھی مزید مؤثر طریقے سے اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔




