نوجوان پاکستان کے بنیادی نظرئیے واقدار سے جڑے رہیں،جنرل آفیسر کمانڈنگ جہلم میجر جنرل انتخاب عالم

میرپور: جنرل آفیسر کمانڈنگ جہلم میجر جنرل محمد انتخاب عالم نے میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ( مسٹ) میرپور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مدارس کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کرام سے پاکستان کی نظریاتی اساس، قومی یکجہتی، خودمختاری اور نوجوانوں کا کردار پر بصیرت افروز خطاب کیا۔

میرپور یونیورسٹی کے سٹی کیمپس میں آمد پروائس چانسلر میرپور یونیورسٹی بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید ستارہ امتیاز ملٹری نے جی او سی کا پرجوش استقبال کیا۔

اس موقع پر بریگیڈ کمانڈر جلالپور جٹاں بریگیڈیئر اویس عدیل،، کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس میرپور ڈویژن ڈاکٹر لیاقت حسین، رجسٹرار مسٹ پروفیسر ڈاکٹر نعیم اقبال رتیال، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمد الطاف، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں:باغ ، عوامی دست و بازو پارٹی کی ریلی،سبز ہلالی پرچموں کی بہار،پاک فوج زندہ باد کے نعرے

میجر جنرل انتخاب عالم نے جامعہ گلزارِ حبیب، دارالعلوم صدیقیہ، جامعہ مدرسہ الہدیٰ، مکی مدرسہ عیدگاہ اور مدرسہ رضویہ جاتلاں کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی قومی شناخت اور اس کی نظریاتی بنیادوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے دو قومی نظریہ کو قیام پاکستان کی اساس قرار دیا اور کہا کہ برطانوی دور میں برصغیر کے مسلمان اور ہندو دو مختلف قومیں تھیں جن کی الگ الگ مذہبی، تہذیبی اور تمدنی شناخت تھی۔

جنرل آفیسر نے کہا کہ دنیا کے موجودہ حالات میں مضبوط اور باصلاحیت فوج کسی بھی ملک کی خودمختاری اور بقا کیلئے ناگزیر ہے۔ ایسے ممالک جن کے پاس مضبوط افواج نہیں ہیں وہ یا تو بیرونی طاقتوں کے زیر اثر آ جاتے ہیں یا دشمن ممالک کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا جو ملکی خودمختاری اور سرحدوں کی حفاظت کیلئے دن رات قربانیاں دے رہی ہیں،انہوں نے مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنے والے افسران اور سپاہیوں کے عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: حریت کانفرنس کی چکوٹھی میں پاکستان زندہ باد ریلی،پاک فوج کے جوانوں پر پھول نچھاور

میجر جنرل انتخاب عالم نے نوجوانوں کو گمراہ کن معلومات اور میڈیا کے ذریعے پھیلائی جانے والی منفی پروپیگنڈا سے باخبر رہنے کی تلقین کی، خاص طور پر دشمن قوتوں کی جانب سے نوجوانوں کے اذہان کو منتشر کرنے کی سازشوں کی نشاندہی کی۔

انہوں نے زور دیا کہ ہر معلومات کو پرکھنے اور اس کی سچائی کو جانچنے کی عادت اپنائیں کیونکہ آج کے ڈیجیٹل دور میں سچ اور جھوٹ کے درمیان تمیز رکھنا نہ صرف عقلمندی ہے بلکہ اخلاقی فریضہ بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی وحدت ہی ملک میں پائیدار امن اور استحکام کی ضامن ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے بنیادی نظرئیے اور اقدار سے جڑے رہیں، پاکستان کے قدرتی وسائل اور صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان کو بروئے کار لا کر ہم قومی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ صرف ملازمتوں کے حصول تک محدود نہ رہیں بلکہ کاروبار اور قومی تعمیر کیلئے خود کو تیار کریں ۔

نشست کے دوران متعدد طلباء و طالبات خصوصاً طالبات نے مسلح افواج میں شمولیت کے عزم کا اظہار کیاجس پر جنرل آفیسر کمانڈنگ نے انہیں سراہا اور ان کے جذبے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اعتماد کے ساتھ اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کرنے کی تلقین کی۔

تبادلہ خیال کے سیشن میں طلباء نے پاکستان کی داخلی و خارجی سلامتی اور خطے و دنیا کی بدلتی صورتحال پر مختلف سوالات کئے، جن کے جوابات جی او سی نے مدلل اور تفصیل سے دئیے۔

میجر جنرل انتخاب عالم نے بریگیڈیئر یونس جاوید کو اس کامیاب اور بامقصد نشست کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور مسٹ کی قومی ترقی میں مثبت کردار کو سراہا۔

انہوں نے کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری مختار حسین اور ڈی آئی جی میرپور ڈویژن ڈاکٹر لیاقت حسین کی موجودگی پر شکریہ ادا کیا۔

اختتامی لمحات میں جنرل آفیسر کمانڈنگ نے مدارس کے نمائندگان کو یادگاری تحائف دئیے اور سوال و جواب میں فعال کردار ادا کرنے والے طلباء کو خصوصی انعامات سے نوازا۔

اس کے بعد گروپ فوٹو کا سیشن منعقد ہوا،اس خصوصی نشست کی میزبانی پیشہ ورانہ اور منظم انداز میں، لیکچرار انسٹیٹیوٹ آف اسلامک اسٹڈیز مسٹ غلام مصطفی انقلابی نے انجام دی۔

Scroll to Top