مظفر آباد:وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ مون سون کے دوران شہری احتیاطی تدابیر کو اپنائیں ، ایمرجنسی سروسز کے محکمے 24 گھنٹے الرٹ رہیں اورہسپتالوں میں ادویات اور میڈیکل ایمرجنسی کی سہولیات کو 24 گھنٹے بحال رکھا جائے۔
منگل کے روز وزیراعظم انوارالحق کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزراء حکومت نثار انصر ابدالی ، چوہدری اظہر صادق، چیف سیکرٹری خوشحال خان، ڈویژنل کمشنرز ، ایس ڈی ایم اے اور دیگر ایمرجنسی ریلیف کے متعلقین نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مون سون سے قبل ایس ڈی ایم اے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ سے ملکر برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنائیں گے۔ اجلاس میں مون سون کے دوران محکمہ اطلاعات کے تعاون سے شہریوں کی آگاہی کیلئے مون سون سے قبل مؤثر آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مون سون کے دوران Quick Response کیلئے کنٹرول روم قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جس میں ایمرجنسی ریلیف کے تمام محکمہ جات بشمول صحت، پولیس ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن ، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ شاہرات شامل ہونگے۔
اجلاس میں طے پایا کہ بہتر کوآرڈینیشن کیلئے مقامی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیل یقینی بنائی جائیگی ۔ اجلاس میں ادویات اور آٹے کی فراہمی کو مون سون کے دوران تسلسل کے ساتھ بحال رکھنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر : مون سون بارشیں، طغیانی کا خدشہ،سیاحوں کومحتاط رہنے کی ہدایت
اجلاس میں ممکنہ طور پر کلاؤڈ برسٹ کا شکار ہونے والے ایریاز کی پیشگی نشاندہی اور نشان زدہ علاقوں میں فوری حفاظتی اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی اور مون سون کی شدت سے متاثر ہونے والے علاقوں میں ادویات کی فراہمی ، میڈیکل ایمرجنسی کو 24 گھنٹے بحال رکھنے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ ہمہ وقت ٹریفک کی روانی اور موسمی حالات کے پیشِ نظر ہنگامی اقدامات کے لیے تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر مزید کہا کہ شہری مون سون کے دوران ندی نالوں کے قریب نہ جائیں ، متعلقہ محکمے 24 گھنٹے الرٹ رہیں ، شاہرات ، ایس ڈی ایم اے اور صحت کے محکمہ جات کسی بھی ہنگامی صورتحال سے قبل مؤثر حکمت عملی کے ساتھ آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی کے ساتھ مون سون کے دوران حالات حاضرہ اور احتیاطی تدابیر اپنانے کے لیے شہریوں کو آگاہ رکھے۔