او آئی سی اجلاس : ترک صدر سے اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کے اجلاس میں نائب وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ترکیہ کے صدر سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہمراہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 51ویں اجلاس کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے صدر اردوان کے لیے نیک خواہشات اور گرمجوشی پر مبنی پیغام پہنچایا اور پاکستان و ترکی کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزیوں پر مبنی اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت ایران کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اس کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے کردار ادا کرے۔

فریقین نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکنے اور محصور فلسطینی عوام تک انسانی امداد کی بلاتعطل فراہمی کے لیے کوششیں تیز کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے صدر ایردوان کو OIC وزرائے خارجہ اجلاس کے کامیاب انعقاد اور اسلامی تعاون تنظیم یوتھ فورم کی جانب سے ان کی قیادت کو سراہنے پر دیے گئے ایوارڈ پر مبارکباد پیش کی۔

کشمیر ڈیجیٹل کی خبر پرایکشن، کمشنرمیرپور کا نوٹس، سٹی ہائوسنگ سکیم متاثرین کے مسائل حل کرنےکا حکم

Scroll to Top