ا مریکی وزیر خارجہ کا فون،مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی ہرکوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کو امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے ٹیلیفون کیا۔ وزیراعظم نے صدرڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیااور انہوں نے پاک بھارت جنگ کا خطرہ ٹالنے پروزیرخارجہ روبیوکی سفارتی کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق مثبت بیانات جنوبی ایشیا میں امن کیلئے حوصلہ افزا ہیں اور پاکستان بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ کشمیر، سندھ طاس معاہدے، تجارت اورانسداد دہشتگردی پربھی بات چیت ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا دورہ باغ ایک بار پھر ملتوی

وزیراعظم نے ایران اسرائیل بحران کے پرامن حل کی ضرورت پر زوردیا اور کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی ہر کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اورامریکا کوتجارت، توانائی، آئی ٹی اور معدنیات میں تعاون بڑھانا چاہیے۔

انہوں نے کالعدم بی ایل اے، کالعدم ٹی ٹی پی اوردیگر شدت پسند گروہوں کےخلاف کارروائی جاری رکھنے کا عزم دہرایا اور کہاکہ پاکستان ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم نے فیلڈمارشل عاصم منیرکی صدرٹرمپ سے ملاقات کو مثبت قراردیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان امریکا تعلقات کو عملی تعاون میں بدلنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دہرائی اور امریکی وزیرخارجہ کوبھی جلد پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔

یہ بھی پڑھیں: جناح میڈیکل کمپلیکس پورے خطے کے لیے اعلیٰ تحقیق اور معیاری علاج کا مرکز بنے گا: وزیراعظم شہباز شریف

امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا ہرقسم کے دہشتگردی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے مکمل تعاون کرے گا۔

امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کی خطے میں امن کیلئے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کے ذریعے خطے میں قیام امن میں کردار ادا کرتا رہے اور امریکا علاقائی اورعالمی امن واستحکام کیلئے پاکستان سے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

Scroll to Top