میرواعظ عمرفاروق کی مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش،امن مذاکرات پرزور

سرینگر(کشمیر ڈیجیٹل)میرواعظ عمرفاروق نے مشرق وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی صدر ٹرمپ سے ایران پر حملہ نہ کرنے کی اپیل، عوامی ایکشن کمیٹی کے اصولوں پر قائم رہنے کا اعادہ، شبیر احمد شاہ کو فوری طبی امداد دینے کا مطالبہ

تاریخی جامع مسجد سرینگر میں جمعہ کے بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظِ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مشرق وسطیٰ بالخصوص غزہ اور ایران کی صورتحال پر اور جاری انسانی بحران اور بڑھتے ہوئے تنازع پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

میرواعظ عمرفاروق نے اپنے جمعۃ المبارک کے خطبے میں کہا کہ ”غزہ میں انسانی صورتحال اب الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔ صرف گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں 92 افراد، جن میں بچے بھی شامل ہیں، شہید ہوئے۔ بھوکے فلسطینی روزانہ امدادی خوراک حاصل کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں اور وہیں بمباری کرکے انہیں قتل کر دیا جاتا ہے۔ اس سے زیادہ بھیانک اور غیر انسانی حرکت کیا ہو سکتی ہے؟“

میرواعظ نے کہا کہ اسرائیل کی جارحیت اب ایران تک پھیل گئی ہے، جہاں سینکڑوں عام شہری شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ ایسے وقت میں امریکہ کی جانب سے ایران پر حملے کی خبریں مزید تشویشناک ہیں خصوصاً کشمیر کے عوام کے لیے جو ایران اور مشرق وسطیٰ کے ساتھ گہرے مذہبی اور ثقافتی رشتے رکھتے ہیں اور ساتھ ہی عالمی نظام کی تباہی کو اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہم متاثرین کے لیے دعا اور اپیل ہی کر سکتے ہیں۔ ہم صدر ٹرمپ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ایران پر حملہ نہ کریں اور مزید تنازع کو ہوا نہ دیں کیونکہ اس سے خطہ موت، تباہی اور انتقام کے راستے پر چلا جائے گا۔ تمام فریقین کے خدشات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، طاقت اور جنگ صرف مسائل کو پیچیدہ بناتی ہے اور ایسے ہی انسانی بحران کو جنم دیتی ہے جیسا ہم غزہ میں دیکھ رہے ہیں۔“

انہوں نے کہا کہ آج عوامی ایکشن کمیٹی کا 61 واں یومِ تاسیس بھی ہے جو شہید ملت میرواعظ مولوی محمد فاروقؒ نے قائم کی تھی اور حال ہی میں حکومتِ ہند نے اس پر پابندی عائد کی ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ یہ تنظیم ہمیشہ مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور حکمرانی میں جوابدہی پر یقین رکھتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی پر پابندی عائد کی ہے لیکن ہم آج بھی ان اصولوں پر یقین رکھتے ہیں جن پر یہ قائم کی گئی تھی۔ آج جب دنیا تیسری عالمی جنگ اور انسانیت کی تباہی کے خطرے سے دوچار ہے اقوام کو باہمی گفت و شنید کے ذریعے اعتماد بحال کرنا ہوگا تاکہ تنازعات کو پرامن اور مخلصانہ طریقے سے حل کیا جا سکے۔

میرواعظ نے شبیراحمد شاہ صاحب کی تہاڑ جیل میں بگڑتی ہوئی صحت کی صورتحال پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ صاحب کی صحت بہت حد تک بگڑ چکی ہے اور دو سال سے ان کے اہل خانہ کو ان کے ساتھ فون پر بھی بات کرنے کی اجازت نہ دینااور ایسے وقت میں جب انہیں فوری سرجری کی ضرورت ہے، ان کی دیکھ بھال سے انکار،یہ سب کچھ انتہائی افسوسناک اور تکلیف دہ ہے جبکہ ان کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کشمیری سیاسی اسیران طویل قید، غیر انسانی حالات اور قانونی چارہ جوئی کی عدم موجودگی کی وجہ سے سنگین صحت کے مسائل سے دوچار ہیں۔ان قیدیوں کے لیے قید بذاتِ خود سزا بن چکی ہے جو بھارتی عدالتی نظام کی روح یعنی انسانی وقار، انصاف ، قانون اور بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

میرواعظ نے حکومتِ ہند اور متعلقہ حکام سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیں، شبیر احمد شاہ صاحب کو فوری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اور ان کے اہل خانہ کو ان تک رسائی دی جائے تاکہ وہ اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ رہیں۔

انہوں نے جموں و کشمیر کی منتخب حکومت سے بھی اپیل کی کہ وہ اس سنگین انسانی مسئلے کو ا ±ٹھائے اور جو ممکن ہو، اس سلسلے میں مدد فراہم کرے۔

اس دوران جناب میرواعظ نے تہاڑ جیل میں مقید شبیر احمد شاہ کی اہلیہ کے ساتھ ٹیلیفون پر بات کی اورجناب شاہ کی بگڑتی صحت کی تفصیلات معلوم کرکے گہری فکر مندی کا اظہار کیا-

ایران نے اسرائیل پر 25 میزائل داغ دیئے، حیفا، بیرشیبا ، یروشلم میں زوردار دھماکے، 17 افراد زخمی

Scroll to Top